سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا، پہلا روزہ جمعرات کو ہو گا

22 مارچ 2023
سعودی عرب کی رویت ہلال کے اجلاس میں کسی نے بھی چاند دیکھنے کی شہادت نہیں دی— شٹر اسٹاک فوٹو
سعودی عرب کی رویت ہلال کے اجلاس میں کسی نے بھی چاند دیکھنے کی شہادت نہیں دی— شٹر اسٹاک فوٹو

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اور پہلا روزہ جمعرات 23 مارچ کو ہو گا۔

سعودی عرب کی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے یہ اعلان منگل کو کیا گیا۔

سعودی عرب میں 21مارچ (بروز منگل) کو 29 شعبان 1444 تھی اور وہاں رمضان المبارک کے چاند کو دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا۔

سعودی عرب کی وزارت انصاف نے اعلان کیا تھا کہ چاند دیکھنے کے لیے ایک خودکار الیکٹرانک نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

سعودی گزیٹ کے مطابق منگل کی شام سعودی عرب کی رویت ہلال کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کسی نے بھی چاند دیکھنے کی شہادت نہیں دی لہٰذا بدھ کو یکم شعبان ہو گی اور رمضان المبارک کا پہلا روزہ جمعرات کو رکھا جائے گا۔

علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں کمیٹی نے بھی اعلان کیا کہ منگل 21 مارچ کو رمضان کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد پہلا روزہ جمعرات 23 مارچ کو ہوگا۔

پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کو بعد نماز عصر پشاور کے صوبائی اوقاف میں منعقد ہو گا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہو گا جبکہ دیگر زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے مقامات پر منعقد ہوں گے۔

چاند نظر آنے کی صورت میں پہلا روزہ جمعرات کو ہو گا البتہ اگر چاند نظر نہ آیا تو پہلا روزہ جمعۃ المبارک کو رکھا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں