پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ پر پولیس آپریشن کے خلاف اظہار یکجہتی کے لیے متعدد شوبز، فیشن اور میڈیا سے وابستہ شخصیات نے عمران خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ہے۔

عمران خان کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس نے لاہور کے علاقے زمان پارک میں واقع عمران خان کی رہائش گاہ پر آپریشن کیا تھا۔

پولیس نے کئی گھنٹوں تک عمران خان کی رہائش گاہ کا محاصرہ کر رکھا تھا اور اس دوران پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔

عمران خان کی گرفتاری کے لیے پنجاب پولیس کے آپریشن کے خلاف متعدد شوبز، فیشن، اسپورٹس اور میڈیا شخصیات نے اظہار مذمت بھی کیا تھا، تاہم اب متعدد شخصیات نے رہائش گاہ پر جاکر عمران خان سے ملاقات بھی کرلی۔

عمران خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوبز، فیشن اور میڈیا شخصیات سے ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اظہار یکجہتی کے لیے متعدد شخصیات ان کی رہائش گاہ پر پہنچیں۔

عمران خان کو شوبز اور فیشن شخصیات سے ملاقات میں انتہائی خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے جب کہ ان سے ملاقات کرنے والی شخصیات بھی خوش دکھائی دیتی ہیں۔

ان سے ملاقات کرنے والی شخصیات میں فیشن ڈیزائنر ماریہ بی، اینکر آفتاب اقبال، اداکارہ مشی خان، عروسہ قریشی، بلال قریشی، فہد مرزا، یوٹیوبر شاہ ویر جعفری، ان کی اہلیہ عائشہ شاہ ویر، اداکار احمد بٹ کی اہلیہ فاطمہ خان اور گلیکسی لالی وڈ پلیٹ فارم کے مومن علی منشی شامل ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کرنے والی شخصیات نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر بھی عمران خان سے ملاقات کی تصاویر شیئر کیں اور پولیس آپریشن پر سابق وزیر اعظم سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔

فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے عمران خان کے ساتھ کھچوائی گئی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ایسے پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں، جہاں قانون، انسانی حقوق اور آئین سب سے محترم ہوں۔

اینکر آفتاب اقبال نے بھی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے زمان پاک آپریشن پر اظہار یکجہتی کے لیے عمران خان سے ملاقات کی۔

یوٹیوبر شاہ ویر جعفری نے عمران خان کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کا اب تک کا سب سے بڑا خواب پورا ہوگیا، تحریک انصاف چیئرمین سے ملاقات کرنا ان کا خواب تھا۔

انہوں نے سابق وزیر اعظم سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لکھا کہ وہ تب سے عمران خان کے مداح تھے جب انہوں نے ان کی لکھی ہوئی کتاب پڑھی تھی۔

ان سے ملاقات کرنے والی دوسری شخصیات مشی خان، فاطمہ خان بٹ اور فہد مرزا نے بھی عمران خان کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں