2013 میں خودکشی کرنے والی بولی وڈ اداکارہ جیا خان کے کیس کا فیصلہ 10 سال بعد سنا دیا گیا، ممبئی کی عدالت نے اداکارہ کے بوائے فرینڈ اور فلم اسٹار سورج پنچولی کو بری کردیا۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی عدالت نے 32 سالہ سورج پنچولی کے خلاف اداکارہ جیا خان کو خودکشی پر اکسانے کے معاملے پر آج اپنا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں بری کردیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ عدم شواہد کی بنا پر سورج پنچولی کو جیا خان کیس میں قصوروار نہیں ٹھہرایا جاسکتا ہے لہٰذا عدالت انہیں بری کرتی ہے۔

عدالت کی جانب سے فیصلہ سناتے وقت اداکار سورج پنچولی اپنی والدہ کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

عدالت کے فیصلے کے بعد سورج پنچولی نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا ’سچ کی ہمیشہ جیت ہوتی ہے‘۔

خیال رہے کہ سورج پنچولی کو جیا خان کیس میں جون 2013 میں گرفتار کیا گیا تھا اور جولائی 2013 میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔

کیس کا پس منظر

عامر خان کی فلم ’گجنی‘ جیسی سُپر ہٹ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ جیا خان نے 3 جون 2013 کو خودکشی کی تھی، ان کی لاش ممبئی کے مضافاتی علاقے جوہو میں اپنی رہائش گاہ پر لٹکتی ہوئی پائی گئی تھی۔

پولیس تحقیقات کے بعد جیا خان کی جانب سے لکھے گئے آخری مبینہ خط ملنے کے بعد فلم اسٹار سورج پنچولی کوگرفتار کیا گیا تھا۔

خط میں اداکارہ نے مبینہ طور پر سورج کے ساتھ اپنے پریشان کن تعلقات کے بارے میں بات کی تھی اور الزام عائد کیا تھا کہ سورج پنچولی نے انہیں جسمانی اور ذہنی طور پر ہراساں کیا۔

2013 میں سورج کے خلاف دفعہ 306 (خودکشی کے لیے اکسانا) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

جیا خان کی والدہ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ ان کی بیٹی کو سورج پنچولی نے قتل کیا ہے۔

اداکارہ جیا خان کی والدہ رابعہ خان نے عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ خودکشی نہیں بلکہ قتل کا واقعہ ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ان کی بیٹی کو قتل کیا گیا تھا، خودکشی کے لیے اکسانے کا الزام ختم کردیے گئے، میری بیٹی کی موت کیسے ہوئی؟ ہم ہر حال میں ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’جیا خان کی موت کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے‘۔

دوسری جانب سورج پنچولی کی والدہ زرینہ وہاب نے کہا ہے کہ ’ہم نے فیصلے کے لیے 10 برس انتظار کیا، یہ وقت میرے بیٹے کے لیے ایک عذاب تھا، اس پورے وقت کے دوران ہمیں یقین تھا کہ خدا ہمارے بیٹے کے ساتھ انصاف کرے گا‘۔

اس سے قبل سماعت کے دوران سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے جیا خان کا مبینہ خط پڑھ کر سنایا جس میں لکھا تھا کہ ان کے سورج پنچولی کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے، وہ اداکارہ پر ذہنی اور جسمانی تشدد کرتا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے خودکشی کی۔

12 اپریل 2023 کو عدالت میں اپنے حتمی بیان دیتے ہوئے سورج پنچولی نے کہا کہ ان پر ایک جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

سورج نے دعویٰ کیا کہ جب انہوں نے جیا خان کی موت کا سنا تو ان کا دل ٹوٹ چکا تھا، انہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی کا سب سے اہم شخص کھو دیا جس سے میں واقعی محبت کرتا تھا‘۔

جیا خان امیتابھ بچن کی فلم ’نشابد‘ میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور تھیں، انہوں نے 2009 میں ریلیز ہونے والی عامر خان کی فلم ’گجنی‘ اور 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہاؤس فل‘ میں بھی اہم کردار نبھائے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں