ایران نے خلیج عمان سے ایک آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا

اپ ڈیٹ 28 اپريل 2023
مارشل آئی لینڈ کے جہاز کی رجسٹری نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا — تصویر: رائٹرز
مارشل آئی لینڈ کے جہاز کی رجسٹری نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا — تصویر: رائٹرز

ایران نے خلیج عمان میں ایک آئل ٹینکر کو بین الاقوامی پانیوں سے قبضے میں لے لیا، امریکی بحریہ نے کہا کہ یہ 2019 کے بعد سے حساس خلیجی پانیوں میں تجارتی جہازوں پر قبضے یا حملوں کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے۔

ڈان اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوج نے کہا کہ خلیج عمان میں مارشل آئی لینڈ کے جھنڈے والے آئل ٹینکر کو ایرانی کشتی سے ٹکرانے کے بعد قبضے میں لیا گیا، جس میں عملے کے متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔

فوج کے ایک بیان میں کہا کہ کشتی کے عملے کے دو ارکان لاپتا ہیں اور کشتی کے ساتھ ٹکرانے کی وجہ سے کئی زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی بحریہ نے اس بحری جہاز کی شناخت ’ایڈوانٹیج سویٹ‘ کے طور پر کی جو ایک سوزمیکس کروڈ ٹینکر ہے جسے تیل کی بڑی کمپنی شیورون نے چارٹر کیا تھا اور آخری بار کویت میں لنگر انداز ہوا تھا۔

جہاز کی نگرانی کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ جہاز کی منزل امریکی خلیج میکسیکو کی بندرگاہ ہیوسٹن کے طور پر درج تھی۔

جہاز کے مینیجر کو ترکیہ میں مقیم ایک کمپنی جینیل ڈینیزسِلک نکلیاتی اے ایس کے طور پر درج کیا گیا ہے جس نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا اور مارشل آئی لینڈ کے جہاز کی رجسٹری نے بھی فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

امریکی بحریہ نے کہا کہ ’ایران کی جانب سے جہازوں کو مسلسل ہراساں کرنا اور علاقائی پانیوں میں بحری جہاز کے حقوق میں مداخلت سمندری سلامتی اور عالمی معیشت کے لیے خطرہ ہے اور ایران نے گزشتہ دو سال میں غیر قانونی طور پر مشرق وسطیٰ میں کم از کم 5 تجارتی جہازوں پر قبضہ کیا ہے‘۔

ایرانی حکام نے فوری طور پر تبصرہ کے لیے ’رائٹرز‘ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

تجزیاتی فرم وورٹیکسا کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر کے خام تیل اور تیل کی مصنوعات کا تقریباً پانچواں حصہ آبنائے ہرمز سے گزرتا ہے، جو ایران اور عمان کے درمیان ایک تنگ پوائنٹ ہے جس سے ایڈوانٹیج سویٹ گزر رہا تھا۔

امریکی بحریہ، جس کا پانچواں بحری بیڑا خلیجی جزیرے کی ریاست بحرین میں موجود ہے، اس نے ایران کی پاسدارانِ انقلاب کور نیوی سے فوری طور پر ٹینکر کو چھوڑنے کا مطالبہ کیا۔

امریکی بحریہ کے بیان میں کہا گیا کہ قبضے کے دوران جہاز کی جانب سے ایک پریشان کن صورتحال کی کال جاری کی گئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں