چوتھا ون ڈے: پاکستان کی نیوزی لینڈ کو 102 رنز سے شکست

اپ ڈیٹ 05 مئ 2023
— فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
— فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا — فوٹو: پی سی بی
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا — فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر
— فوٹو: پی سی بی ٹوئٹر

میزبان پاکستان نے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کو 102 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے لگاتار دوسری مرتبہ ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز زیادہ متاثر کن نہ تھا اور سیریز میں دو سنچریاں اسکور کرنے والے اوپنر فخر زمان اس بار بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 36 کے مجموعے پر 14 رنز بنا کر ہنری کا شکار بن گئے۔

اس کے بعد شان مسعود کا ساتھ دینے کپتان بابر اعظم کریز پر آئے اور دونوں نے ٹیم کا اسکور 86 رنز پر پہنچایا، اس موقع پر شان مسعود کریز سے باہر نکل کر شاٹ مارنے کی کوشش میں ناکام ہوتے ہوئے سودھی کا شکار بن گئے اور ان کی 44 رنز کی اننگز کا خاتمہ ہوگیا۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 24 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، اس وقت پاکستان کا اسکور 128 رنز تھا۔

اس کے بعد بابر اعظم اور آغا سلمان نے مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور عمدہ شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 245 رنز پر پہنچایا، اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

تاہم پھر 58 رنز بنانے والے آغا سلمان کی ہمت جواب دے گئی اور فاسٹ باؤلر ہنری کو ہی کیچ دے بیٹھے۔

دوسری جانب بابر اعظم نے شاندار بلے بازی جاری رکھی اور ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچانے کی راہ ہموار کی، بابر نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 چوکوں سے مزین ایک اور سنچری اسکور کی اور 107 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے مقرر اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنائے جس میں افتخار احمد کے 28، محمد حارث کے 17 اور شاہین شاہ آفریدی کے 23 رنز بھی شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہنری نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اش سودھی اور بین لسٹر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کیویز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کے دونوں اوپنرز 46 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

وِل ینگ 15 اور ٹام بلنڈل 23 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد کپتان ٹام لیتھم اور ڈیرل مچل نے مورچہ سنبھالا اور ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا لیکن 129 کے مجموعے پر 34 رنز بنانے والے ڈیرل مچل کی وکٹ نے یہ شراکت ختم کردی اور کیوی ٹیم کو بڑا نقصان پہنچا۔

ٹام لیتھم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری مکمل کی لیکن 60 کے انفرادی اسکور پر وہ اپنی وکٹ نہ سنبھال سکے اور وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے، جس سے مہمان ٹیم کی فتح کی امیدیں ماند پڑنا شروع ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کے دوسرے نمایاں بلے باز مارک چیپمین تھے جنہوں نے 46 رنز بنائے، لیکن 201 کے مجموعی اسکور پر ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مہمان ٹیم کی ایک کے بعد دیگرے وکٹ گرنا شروع ہوگئی اور پوری ٹیم 232 رنز پر ڈھیڑ ہوگئی۔

یوں پاکستان نے میچ میں 102 رنز کے بڑے مارجن سے فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیریز میں کلین سوئپ کی طرف ایک اور قدم بڑھا لیا اور اپنی برتری کو 0-4 کرلیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے اسامہ میر سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ان کے علاوہ محمد وسیم نے 3، حارث رؤف نے 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

شاندار بلے بازی پر قومی کپتان بابر اعظم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، افتخار احمد، محمد حارث، سلمان علی آغا، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر اور حارث رؤف۔

نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم (کپتان)، ٹام بلنڈل، ولِ ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، جیمز نیشام، کول میک کونچی، بین لسٹر، اش سودھی، میٹ ہنری اور بلیئر ٹکنر۔

تبصرے (0) بند ہیں