پاکستانی اداکارہ نمرہ بُچہ بی بی سی کی کرائم سیریز کا حصہ بن گئیں

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2023
نمرہ بُچہ ’مرڈر از ایزی‘ (murder is easy) کے نام سے سیریز میں مسز ہمبلبی کا کردار ادا کریں گی—فائل فوٹو: وارئٹی
نمرہ بُچہ ’مرڈر از ایزی‘ (murder is easy) کے نام سے سیریز میں مسز ہمبلبی کا کردار ادا کریں گی—فائل فوٹو: وارئٹی

پاکستانی سینئر اداکارہ نمرہ بُچہ نے ایک اور بین الاقوامی پروجیکٹ کی کاسٹ میں جگہ بنالی، اداکارہ مشہور برطانوی مصنف اگاتھا کرسٹی کے ناول پر مبنی بی بی سی کی کرائم اور جاسوسی سیریز میں نظر آئیں گی۔

امریکی میگزین وارئٹی کے مطابق پاکستان اداکارہ نمرہ بُچہ ’مرڈر از ایزی‘ (murder is easy) کے نام سے سیریز میں مسز ہمبلبی کا کردار ادا کریں گی۔

بی بی سی کی نئی تھرلر سیریز میں ہولی ووڈ کے بڑے نام بھی شامل ہیں جن میں ڈیوڈ جانسن، مورفڈ کلارک اور پینی لوپ ولٹن جلوہ گر ہوں گے۔

دو حصوں پر مشتمل سیریز کی شوٹنگ کا آغاز اسکاٹ لینڈ میں ہوگیا ہے۔

سیریز کو سیان ونمی نے تحریر کیا ہے جبکہ بھارتی نژاد برطانوی فلم ساز مینو گاور ہدایات کار ہیں۔

سیریز کی کہانی 1954 کے انگلینڈ کی ہے اور فٹز ویلیم (ڈیوڈ جانسن) اور مس پنکرٹن (پینی لوپ ولٹن) کے ساتھ ٹرین میں ہونے والی ملاقات کے گرد گھومتی ہے۔

مس پنکرٹن فٹز ویلیم کو گاؤں میں ایک سیریل کلر کے بارے میں خبردار کرتی ہے، اگرچہ گاؤں کے مقامی لوگ یہاں ہونے والی اموات کو حادثات قرار دیتے ہیں، لیکن مس پنکرٹن ایسا نہیں سمجھتیں۔

بعدازاں بدقسمتی سے وہ اسکاٹ لینڈ یارڈ جاتے ہوئے مردہ پائی جاتی ہیں، ان کی موت کی وجہ معلوم کرنے اور سیریل کلر کا راز فاش کرنے کے لیے فٹز ویلیم سچائی کی کھوج کے لیے اپنے مشن کا آغاز کرتے ہیں۔

نمرہ بچہ نے بھی مذکورہ خبر کا اسکرین شاٹ اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کرتے ہوئے فلم کا حصہ بننے پر خوشی کا اظہار کیا۔

نمرہ بُچہ نے اس سے قبل دیگر بین الاقوامی پروجیکٹ میں بھی کام کیا ہے جن میں ہولی وڈ سائنس فکشن سپر ہیرو فلم ’مس مارول‘ اور پولائٹ سوسائٹی’ شامل ہیں

وہ پاکستانی کینیڈین فلم ’می، مائی مام اینڈ شرمیلا‘ کی مرکزی کاسٹ کا بھی حصہ رہ چکی ہیں۔

ایک عالمی سطح کی جاسوسی سیریز میں پاکستانی اداکارہ کی شمولیت سے فلمی شائقین بہت خوش ہیں اور وہ اسے پاکستانی سینما کیلئے نئی پہچان قرار دے رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں