کراچی: گیس دھماکے سے فیکٹری کی چھت گر گئی، 14 افراد زخمی

اپ ڈیٹ 31 جولائ 2023
پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا — فائل/فوٹو:ڈان
پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا — فائل/فوٹو:ڈان

کراچی کے ضلع کورنگی کے انڈسٹریل ایریا میں گیس کے دھماکے کے بعد فیکٹری کی چھت گرنے سے ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کے حوالے سے پولیس اور ریسکیو اداروں نے بتایا، حکام کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کی وجہ سے بھی کچھ افراد زخمی ہوئے۔

انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ او ہمایوں خان نے بتایا کہ کورنگی کی پی اینڈ ٹی کالونی میں واقع فیکٹری کی ایک منزلہ عمارت میں لیکج کے باعث گیس بھرگئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ جب کسی شخص نے فیکٹری کے کچن میں ماچس جلائی تو زور دار دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے فیکٹری کی چھت گر گئی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں کو ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ چھت گرنے سے 10 افراد زخمی ہوئے جب کہ 4 افراد آگ سے جھلس گئے۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے جب کہ اس کا جسم 85 فیصد تک جھلس چکا ہے۔

متاثر ہونے والے باقی زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں