سندھ کابینہ نے تھرکول کی ترسیل کیلئے ریلوے لائن منصوبے کی منظوری دے دی

اپ ڈیٹ 10 اگست 2023
وزیر برائے جامعات و بورڈز اسمٰعیل راہو نے کابینہ کو بتایا کہ آئی بی اے سکھر نے گھوٹکی کیمپس بنانے کی تجویز دی ہے — فائل فوٹو: ٹوئٹر / وزیراعلیٰ ہاؤس
وزیر برائے جامعات و بورڈز اسمٰعیل راہو نے کابینہ کو بتایا کہ آئی بی اے سکھر نے گھوٹکی کیمپس بنانے کی تجویز دی ہے — فائل فوٹو: ٹوئٹر / وزیراعلیٰ ہاؤس

سندھ کابینہ نے تھر کول اور چھوڑ کے درمیان 105 کلو میٹر ریلوے لائن منصوبے کی منظوری دے دی جبکہ بن قاسم سے پورٹ قاسم تک کے لیے ایک اور ٹریک بنانے کی منظوری بھی دی گئی ہے تاکہ تھر کا کوئلہ ملک بھر کے بجلی اور سیمنٹ پلانٹ میں استعمال ہوسکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کابینہ کو بتایا کہ دو ریلوے لائنز کا بچھانا اہم منصوبہ ہے، اور تھر میں کوئلے کے وسیع ذخائر ہیں لیکن ترسیل کی درکار سہولیات نہ ہونے کے سبب (خاص طور پر ریلوے لائن) بڑی مقدار میں اس کی شپمنٹس آسانی سے نہیں ہوسکتی۔

امتیاز شیخ نے بتایا کہ اس حوالے سے ماضی میں وفاقی حکومت کے ساتھ متعدد ملاقاتیں ہوچکی ہیں اور آخر کار حتمی تجویز پیش کی گئی جس کے تحت پروجیکٹ پر عملدرآمد کے لیے حکومت سندھ کل لاگت کا 50 فیصد قرض دے گی۔

کابینہ اجلاس وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ ریلوے حکام کو صوبائی حکومت کو نفع ادا کرنا ہوگا۔

سندھ کابینہ نے منصوبے کے منظوری دے دی۔

شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کیلئے معاوضہ

کابینہ نے زخمی اور شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کو دیے جانے والا معاوضہ پنجاب کے برابر کرنے کی منظوری بھی دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے قانونی ورثا کو ایک کروڑ روپے ادا کیے جاتے ہیں۔

شہیدوں کے اہل خانہ کو رقم کی اب اس طرح ادائیگی کی جائے گی:

پولیس کانسٹیبل / ہیڈ کانسٹیبل کے لیے 2 کروڑ 35 لاکھ بشمول ایک کروڑ معاوضہ اور ایک کروڑ 35 لاکھ روپے گھر کی تعمیر کے لیے، اے ایس آئی / ایس آئی پی کے لیے 3 کروڑ بشمول ایک کروڑ 25 لاکھ روپے معاوضہ اور گھر کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ 75 لاکھ، انسپکٹر / ڈی ایس پی کے لیے 4 کروڑ روپے بشمول ایک کروڑ 80 لاکھ معاوضہ اور گھر کی تعمیر کے لیے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے، ایس پی / ایس ایس پی کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ بشمول ایک کروڑ 80 لاکھ معاوضہ اور گھر خریدنے کے لیے 3 کروڑ روپے، اور ڈی آئی جی اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے 7 کروڑ روپے بشمول 2 کروڑ معاوضہ اور گھر خریدنے کے لیے 5 کروڑ روپے شامل ہیں۔

شہید ایس پی اور اس سے اوپر رینک کے افسران کے اہل خانہ کے لیے ایک 1300 سی سی کار یا اس کے مساوی رقم جبکہ انسپکٹر اور اس سے اوپر رینک کے شہید افسر کے اہل خانہ کو ایک ہزار سی سی کار یا اس مساوی رقم دی جائے گی۔

شہید ڈی آئی جی یا اس رینک سے اوپر کے افسران کے اہل خانہ کو ٹرانسپورٹ مینٹیننس کی مدد میں ایک لاکھ روپے سالانہ، ایس پی / ایس ایس پی کو 75 ہزار روپے، انسپکٹر / ڈی ایس پی کو 50 ہزار روپے اور اے ایس آئی / ایس آئی پی کو 35 ہزار روپے اور شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کو 20 ہزار روپے سالانہ دیے جائیں گے۔

ٹریفک حادثے میں جاں بحق پولیس افسران کیلئے معاوضہ

سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے معاوضہ اس طرح دیا جائے گا:

ہیڈ کانسٹیبل / کانسٹیبل کو 30 لاکھ معاوضہ اور ٹرانسپوٹ مینٹیننس کی مد میں سالانہ 15 ہزار روپے، اے ایس آئی /ایس آئی پی کے لیے 40 لاکھ روپے اور 26 ہزار ٹرانسپوٹ الاؤنس، انسپکٹر / ڈی ایس پی کے لیے 45 لاکھ روپے معاوضہ اور ٹرانسپورٹ مینٹیننس کی مد میں 37 ہزار روپے سالانہ، ایس پی / ایس ایس پی کے لیے 50 لاکھ روپے معاوضہ اور ٹرانسپورٹ مینٹیننس کے لیے 56 ہزار روپے اور ڈی آئی جی اور اس سے اوپر رینک کے افسران کے لیے 70 لاکھ روپے اور ٹرانسپورٹ مینٹیننس کی مد میں 75 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

کابینہ نے زخمی / معذوری کے معاوضے کی بھی منظوری دی: معاوضے میں دہشت گرد حملے، بم دھماکے وغیرہ کی کیٹیگری شامل ہے، مستقل معذوری کی صورت میں ایک کروڑ روپے اور جزوی معذوری کی صورت میں 25 لاکھ روپے کی منظوری دی۔

گنے کی قیمتیں

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے زراعت منظور وسان نے کابینہ کو بتایا کہ انہوں نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے سندھ زون کے نمائندوں سے مشاورت کی، انہوں نے 24-2023 کے لیے گنے کی فی 40 کلو قیمت 425 روپے مقرر کرنے کی تجویز پیش کی۔

منظور وسان نے کرشنگ سیزن کے آغاز کے لیے 15 نومبر کی تجویز بھی پیش کی، کابینہ نے قیمت اور تاریخ کی منظوری دے دی۔

آئی بی اے سکھر کا گھوٹکی کیمپس

وزیر برائے جامعات و بورڈز اسمٰعیل راہو نے کابینہ کو بتایا کہ آئی بی اے سکھر نے گھوٹکی کیمپس بنانے کی تجویز دی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سے درخواست کی کہ ضلع کا سرکٹ ہاؤس کمیپس بنانے کے لیے حوالے کیا جائے، مراد علی شاہ نے یہ درخواست منظور کر لی۔

کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ابتدائی مرحلے پر بی بی اے (آنرز)، بی ایس (کمپیوٹر سائنس) اور بی ایڈ (آنرز) کے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔

کابینہ نے گھوٹکی کیمپس کے لیے ایک بار کے لیے 15 کروڑ روپے، 24-2023 سے شروع ہونے والی سالانہ گرانٹ کے طور پر 25 کروڑ روپے اور رواں برس آغاز ہونے والے انڈومنٹ فنڈ گرانٹ کے طور پر 5 کروڑ روپے کی منظوری دی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں