ابھرتے ہوئے اداکار اور ماڈل ارسلان خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے چہرے کی سرجری نہیں کروائی، سمجھ سے باہر ہے کہ لوگ بولی وڈ اداکار کارتک آریان سے میرا موازنہ کیوں کرتے ہیں۔

ارسلان خان آج کل گرین انٹرٹینمنٹ کے ڈراما سیریل ’کالج گیٹ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں، جبکہ اس سے قبل انہوں نے زندگی تماشا اور رنگ محل میں مختصر کردار ادا کیا۔

ارسلان خان نے ماڈلنگ سے کریئر کا آغاز کیا،ان کا کہنا ہے کہ ماڈلنگ کے بعد اداکاری کرنا ان کے لیے کافی مشکل تھا۔

ماڈلنگ سے قبل انہوں نے بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے کئی عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

’میری آواز لڑکیوں جیسی تھی، لوگ کہتے تھے کہ میں ہیرو کا کردار کیسے کروں گا؟‘

حال ہی میں انہوں نے یوٹیوب چینل سمتھنگ ہاٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کریئر کے دوران جدوجہد، شادی اور بولی وڈ اداکار کارتک آریان سے موازنے سے متعلق بات کی۔

پروگرام کے شروع میں میزبان نے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ارسلان خان کے چہرے اور مسکراہٹ کو کارتک آریان سے مماثلت کرنے سے متعلق سوال کیا۔

میزبان نے سوال کیا کہ کیا اچھی شکل و صورت ہونے کی وجہ سے آسانی سے کام مل گیا تھا؟ جس پر ارسلان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر مجھے لوگ کہتے تھے کہ میری شکل اچھی ہے تو مجھے باآسانی ہیرو کا کردار مل جائے گا، لیکن ایسا بالکل نہیں ہے۔

ارسلان نے کیا کہ وہ چاہتے ہیں کہ لوگ انہیں ان کی خوبصورت شکل کی وجہ سے نہیں بلکہ ان کے کام کی وجہ سے جانیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں صرف اپنے چہرے کی خوبصورتی کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنے کام کی وجہ سے مشہور ہونا چاہتا ہوں، میں اداکاری سیکھنا چاہتا ہوں، کیونکہ میں اپنے متعلق عدم تحفظات کا شکار ہوں‘

ارسلان نے بتایا کہ ’میری آواز لڑکیوں جیسی تھی، لوگ کہتے تھے کہ میں ہیرو کا کردار کیسے کروں گا؟ لیکن اب میری آواز بہتر ہوگئی ہے کیونکہ میں نے اپنی آواز میں بہت کام کیا ہے۔ ’

انہوں نے کہا کہ انٹرویو کے دوران وہ بہت گھبرا جاتے تھے، اس کے علاوہ بھی بہت سارے معاملات پر ان کے تحفظات تھے جن پر انہیں کام کرنا تھا۔

ارسلان نے بتایا کہ انہوں نے کراچی میں نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) جوائن کیا جہاں معروف ہدایت کار، صدا کار، اداکار اور میزبان ضیا محی الدین ان کے استاد تھے۔

کھیلوں سے متعلق بات کرتے ہوئے ارسلان نے بتایا کہ ان کی فیملی کے تقریباً تمام لوگ بیڈمنٹن کھیلتے ہیں، انہوں نے 7 سال کی عمر سے بیڈمنٹن کھیلنا شروع کیا اور 13 سال کی عمر میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی۔

ارسلان نے اپنی اہلیہ حرا خان سے متعلق بھی گفتگو کی، انہوں نے بتایا کہ جب انہیں ڈرامے آفر نہیں ہو رہےتھے تو حرا نے انہیں بہت سپورٹ کیا۔

فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

’شادی کے بعد زیادہ لوگ مجھے زیادہ جاننے لگے‘

اداکار کا کہنا تھا کہ 2023 کا سال ان کے لیے کافی اچھا ثابت ہوا ہے اس کی ایک وجہ ان کی حرا خان سے شادی ہے۔

’لوگ کہتے ہیں کہ جب شادی ہوجائے تو بیوی کی قسمت آپ کے ساتھ جڑ جاتی ہے اور میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں۔‘

انہوں نے بتایا کہ شادی کی وجہ سے زیادہ لوگ مجھے جاننے لگے اور ڈراموں کی آفرز بھی ہونے لگیں، کالج گیٹ کے بعد مجھے 2 ڈراموں میں مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی ہے، جس میں ایک منفی کردار ہے اور دوسرا رومانوی کردار ہے، انہوں نے کہا کہ رومانس کرنا بہت مشکل ہے کیونکہ میں بہت شرمیلا ہوں۔

اداکار و ماڈل نے اپنی اہلیہ حرا خان سے تعلق کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’جب مجھے کام نہیں مل رہا تھا تو حرا خان ہمیشہ میرے ساتھ رہیں، وہ میری ہر چھوٹی کامیابی بھرپور طریقے سے مناتی تھی۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’حرا میری بلڈنگ میں شفٹ ہوگئی تھی، میں اداکار فواد جلال کے ساتھ رہ رہا تھا، حرا سے میری ملاقات حنا چوہدری (ماڈل اور اداکار) کے ذریعے ہوئی تھی، حالانکہ ابتدا میں مجھے حرا پسند نہیں تھی لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ہماری دوستی مضبوط ہوگئی۔ ’

انہوں نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں انہیں بھارتی ٹی وی شو میں کرنے کی آفر ہوئی تھی، سرگن مہتا کی ٹیم نے ان سے یہ سمجھ کر رابطہ کیا کہ شاید میں بھارتی اداکار ہوں تاہم جب انہیں حقیقت کا علم ہوا تو وہ بھی حیران رہ گئے تاہم مجھے بھارت میں کام کرکے خوشی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ اپنی اہلیہ حرا خان کے ساتھ تھائی لینڈ چھٹیاں منانے گئے تو بھارتی فینز نے ڈراما ’وہ ہمسفر‘ میں حرا خان کے کردار ’رومی‘ کی بہت تعریف کی۔

انہوں نے بتایا کہ میرے انسٹاگرام پر بھارتی فالوورز زیادہ ہیں، کمنٹ سیکشن میں مجھے کارتک آریان کا ہم شکل کہا جاتا ہے، ارسلان نے کہا کہ میں نے اپنے آپ کو کارتک آریان سے موازنہ نہیں کیا، لوگوں کو لگتا ہے میں ان کی نقل کرتا ہوں، میں نے اپنے چہرے پر کوئی سرجری نہیں کروائی، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ لوگوں کو کیوں لگتا ہے کہ میری شکل کارتک آریان سے ملتی جلتی ہے، لیکن اگر ایسا ہے تو ٹھیک ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں