مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے فلسطینی نوجوان جاں بحق

01 ستمبر 2023
36سالہ عبدالرحیم فائز غنام مغربی کنارے کے گاؤں العقابہ میں قابض اسرائیلی فورسز کی گولی سر میں لگنے سے جاں بحق ہو گئے— فوٹو: اے ایف پی
36سالہ عبدالرحیم فائز غنام مغربی کنارے کے گاؤں العقابہ میں قابض اسرائیلی فورسز کی گولی سر میں لگنے سے جاں بحق ہو گئے— فوٹو: اے ایف پی

مغربی کنارے میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے اور اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے میں ایک فلسطینی نوجوان کو ہلاک کردیا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ 36سالہ عبدالرحیم فائز غنام مغربی کنارے کے گاؤں العقابہ میں قابض اسرائیلی فورسز کی گولی سر میں لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔

اے ایف پی کے فوٹو گرافر کے مطابق اس فوجی کارروائی کے دوران عمارت سے کالا دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ شدت پسندوں اور فوجیوں کے درمیان لڑائی ہوئی اور اس دوران ہماری فورسز کی گولی ایک حملہ آور کو لگی۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران فورسز نے حملے میں کندھے سے فائر کیے جانے والے میزائلوں اور دستی بموں کا بھی استعمال کیا جہاں ہمیں عمارت میں دیسی ساختی بم اور دیگر ہتھیار ملے۔

اسرائیلی فورسز کی کارروائی کے بعد عبدالرحیم فائز غنام کی آخری رسومات میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جہاں ان کی لاش کو فلسطینی جھنڈے میں لپیٹا گیا تھا۔

رواں سال اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مغربی کنارے اور اسرائیل میں مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد 2005 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے سبب اسرائیلیوں پر فلسطینیوں کے حملے میں بھی بے انتہا اضافہ ہوا ہے۔

جمعرات کو ایک فلسطینی نوجوان نے مغربی کنارے پر واقع پولیس چوکی پر مارے جانے سے قبل ایک اسرائیلی فوجی کو قتل کردیا تھا۔

اس سے ایک دن قبل فلسطینی نوجوان کی جانب سے ٹرام میں ایک مسافر کو خنجر گھونپے جانے والے 14 سالہ نوجوان کو اسرائیلی فورسز نے قتل کردیا تھا۔

رواں سال فلسطین اور اسرائیل کے درمیان تنازع میں پرتشدد واقعات کے دوران اب تک 225 فلسطینی، 32 اسرائیلی جبکہ یوکرین اور اٹلی کا ایک باشندہ مارا جا چکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں