سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن ’انسٹاگرام‘ کے ڈائریکٹ میسجز میں ایک دلچسپ فیچر کی آزمائش شروع ہوگئی ہے جس کے تحت آپ اپنے دوست کا میسج اس کے علم میں لائے بغیر دیکھ سکتے ہیں۔

میٹا کے بانی مارک زکر برگ نے اپنے انسٹاگرام براڈکاسٹ چینل پر اعلان کیا کہ وہ انسٹاگرام ڈائریکٹ میسجز پر ریڈ رسیٹس Read Receipts کو ٹرن آف کرنے کے فیچر کی آزمائش کر رہے ہیں۔

ریڈ رسیٹس کا مطلب ہے کہ جب آپ اپنے دوست کو انسٹاگرام پر میسج بھیجتے ہیں اور جب آپ کا دوست وہ میسج پڑھتا ہے تو آپ کو معلوم ہوجاتا ہے کہ اس نے آپ کا پیغام پڑھ لیا ہے۔

یہ بالکل واٹس ایپ بلیو ٹک کی طرح کام کرتا ہے، فرق صرف یہ ہے کہ واٹس ایپ پر بلیو ٹک کی وجہ سے معلوم ہوجاتا ہے کہ آپ کا میسج پڑھا جاچکا ہے جبکہ انسٹاگرام پر Seen now یا صرف Seen لکھا ہوتا ہے۔

تاہم اب انسٹاگرام پر دوسرے صارف کو علم میں لائے بغیر آپ اس کا میسج دیکھ سکتے ہیں اور آپ میسج بھیجنے والے کو اس بات سے لاعلم رکھ سکتے ہیں کہ آپ نے اس کا میسج پڑھ لیا ہے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ کسی دوست کے بھیجے گئے میسج کو پڑھنے کے باوجود Seen نمودار نہ ہو تو آپ سیٹنگز میں اکاؤنٹ اور پھر پرائیویسی میں جائیں اور وہاں ریڈ ریسیٹس کے باکس پر موجود چیک کو ختم کردیں۔

مگر کیا آیا آپ کے لیے بھی یہ جاننا ممکن ہوگا کہ آپ کے دوست نے کب آپ کے میسج کو پڑھا، اس حوالے سے وضاحت نہیں دی گئی۔

یہ فیچر گروپ چیٹس میں شیئر کیے گئے میسجز اور میڈیا فائلز پر کام کرے گا یا نہیں اس حوالے سے بھی مارک زکر برگ نے وضاحت نہیں دی۔

یہاں یہ بات یاد رکھیں کہ ابھی اس فیچر کی صرف آزمائش جاری ہے، اس فیچر کو تمام صارفین کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔

مارک زکر برگ کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ فیچر کب تک متعارف کروایا جائے گا تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ یہ فیچر اگلے ایک ماہ کے اندر عام صارفین کے لیے متعارف ہوجائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں