کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الصباح 86 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

کویتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ امیر شیخ نواف الاحمد کو طبعیت خراب ہونے پر ایمرجنسی میں ہسپتال داخل کرایا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق کویت کے سرکاری ٹی وی نے بتایا کہ ہم امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح کے انتقال پر سوگوار ہیں۔

سرکاری کونا نیوز ایجنسی کے مطابق نومبر میں شیخ نواف الاحمد الصباح کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، تاہم ان کی بیماری کی تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں، بعد ازاں، ان کی صحت کو ٹھیک قرار دیا گیا تھا۔

اے ایف پی نے رپورٹ کیا کہ عمر رسیدہ ہونے کے سبب ان کے دور حکومت میں ان کی صحت باعث تشویش رہی ہے۔

خیال رہے کہ 30 ستمبر 2020 کو خلیجی ریاست کے حکمران 91 سالہ صباح الاحمد الصباح کے انتقال کے بعد شیخ نواف الاحمد الصباح نے امیر کی حیثیت سے پارلیمنٹ میں حلف اٹھایا تھا۔

مڈل ایسٹ آئی کے مطابق شیخ نواف الاحمد الصباح 1937 میں پیدا ہوئے، وہ کویت کے 10ویں حکمران شیخ احمد الجابر الصباح کے پانچویں صاحبزادے تھے، جنہوں نے 20ویں صدی کے پہلے نصف میں تقریباً 30 سال تک حکومت کی۔

انہوں نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز 25 برس کی عمر میں صوبہ حولی کے گورنر کی حیثیت سے کیا، اس کے بعد وہ زندگی بھر کابینہ میں سینئر پوزیشنز پر فائز رہے۔

1990 میں خیلج جنگ کے دوران وہ وزیر دفاع تھے، اس کے بعد وہ داخلہ اور سماجی خدمات کی وزرات کے سربراہ رہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں