معروف فرانسیسی میک اپ مصنوعات کمپنی لوریل کی مالک خاتون فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس دنیا کی پہلی خاتون بن گئیں، جس کے اثاثوں کی مالیت 100 ارب ڈالر بن گئی۔

اگرچہ فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس 100 ارب ڈالر کی ملکیت رکھنے والی دنیا کی پہلی خاتون بنی ہیں لیکن وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں اب بھی بارہویں نمبر پر ہیں، یعنی 11 مرد حضرات کی دولت ان سے زیادہ ہے۔

دسمبر 2023 کے آخری عشرے تک ایلون مسک دنیا کے امیر ترین انسان تھے، جس کی دولت 232 ارب ڈالر تھی، یعنی ان کی ملکیت لوریل کمپنی کی مالک خاتون سے تقریبا 150 فیصد زیادہ ہے۔

امریکی جریدے بلوم برگ کے مطابق فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس 28 دسمبر 2023 کو دنیا کی پہلی عورت بنیں جن کے اثاثوں کی مالیت 100 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔

فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس کئی سال سے دنیا کے 15 امیر ترین افراد میں شامل ہوتی آ رہی ہیں اور انہیں چند سال سے دنیا کی امیر ترین خاتون کا اعزاز بھی حاصل رہا ہے۔

لیکن اب انہوں نے دولت کے حوالے سے ایک نیا اعزاز اپنے نام کرلیا اور وہ 100 ارب ڈالر کی ملکیت رکھنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔

وہ معروف امریکی میک اپ برانڈ لوریل کی چیئرمین ہیں اور کمپنی کے 33 فیصد شیئرز ان کی ملکیت ہیں۔

مذکورہ کمپنی کو ان کے دادا نے 1909 میں متعارف کرایا تھا اور لوریل گزشتہ تقریبا 115 سال سے میک اپ مصنوعات بناتی آ رہی ہے۔

اس وقت کمپنی کے دنیا بھر میں 88 ہزار ملازمین ہیں اور اس کا کاروبار 150 ممالک تک پھیلا ہوا ہے۔

فرانکوئس بیٹن کورٹ میئرس کو ان کے عقائد اور شادیوں کی وجہ سے تنقید کا سامنا رہا ہے، وہ مسیحی خاندان میں پیدا ہوئیں لیکن انہون نے یہودی کاروباری شخص سے شادی کی، جس کے بعد انہوں نے بھی یہودیت کو قبول کیا۔

یہودی افراد بھی انہیں تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں کیوں کہ ان پر الزام ہے کہ ان پڑ دادا نازی جرمنی کے سپورٹر تھے اور نازی جرمنی نے یہودیوں کے لیے زمین تنگ کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں