نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں وہ ’غیر سیاسی انداز‘ اپناتے ہوئے نوجوانوں کو پسند کی شادی کرنے کا مشورہ دینے سمیت دلچسپ تبصرہ کررہے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے حال ہی میں سوشل میڈیا اکاونٹ ’دی کرنٹ‘ کو انٹرویو دیا جس کی ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، انٹرویو کے دوران نگران وزیراعظم سے پوچھے گئے سوالوں کے دلچسپ جوابات پر سوشل میڈیا صارفین بھی تبصرہ کرتے دکھائی دیے۔

ویڈیو کا آغاز انوار الحق کاکڑ نے اپنے تعارف کے ساتھ کیا جس کے بعد انہوں نے عوام کی جانب سے پوچھے گئے سوالات دہرائے۔

پہلا سوال تھا کہ ’اگر آپ کی غصے والی یا تیز مزاج کی ساس ہوں تو آپ انہیں کیسے سنبھالیں گے؟’جواب میں انوار الحق نے بتایا کہ ’میں بحران سنبھالنے کے کورس پر چلا جاؤں گا۔‘

دوسرا سوال ان سے پوچھا گیا کہ ’آگر آپ کے پاس پیسہ نہ ہو تو آپ دوسروں کو کس طرح متاثر کریں گے؟‘ جواب میں انوار کا کہنا تھا کہ،’میں نے اپنی زندگی میں کبھی کسی کو متاثر کرنے کی کوشش نہیں کی لیکن میں خود بہت سے لوگوں سے متاثر ہوا ہوں۔‘

ایک صارف نے دلچسپ سوال پوچھا کہ مجھے بیرون ملک اچھی نوکری کی آفر ہوئی ہے لیکن مجھے اپنا پیار چھوڑنا پڑے گا، مجھے نوکری اور محبت میں سے کس کا انتخاب کرنا چاہیے؟

اس سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم نے تجویز پیش کی کہ ’آپ کو محبت قسمت سے ملتی ہے جبکہ نوکری قابلیت سے ملتی ہے، آپ کو آپ کی قابلیت کے مطابق نوکری کا موقع مل جائے گا، موقع نہ گنوائیں۔‘

اسی کے ساتھ ان کے سامنے ایک اور دلچسپ سوال آیا کہ ’کیا میں جس کو پسند کرتا ہوں اس سے شادی کرلوں؟‘

اس سوال کے جواب میں نگران وزیراعظم نے جواب دیا کہ ’میری عمر 52 سال ہے، بے شک اگر آپ کی عمر 82 برس بھی ہے تو شادی ضرور کریں۔‘

انوار الحق کاکڑ کے ان جوابات کے بعد سوشل میڈیا صارفین ملے جلے تبصرے کررہے ہیں جبکہ کئی صارفین وزیراعظم کو سیاست سے ہٹ کر دیگر موضوع پر تبصرہ کرنے پر تنقید کا بھی نشانہ بنارہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں