پی ٹی آئی کی کراچی میں ریلی نکالنے کی کوشش، پولیس سے تصادم کے بعد 20 سے زائد کارکن گرفتار

اپ ڈیٹ 28 جنوری 2024
پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا— فوٹو: ڈان نیوز
پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے کراچی میں ریلی نکالنے کی کوشش کی جس پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہوا اور پولیس نے تحریک انصاف کے 20 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق تحریک انصاف نے کراچی کے علاقے تین تلوار پر ریلی نکالنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔

اس دوران پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم بھی ہوا اور پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی زخمی ہو گئے جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے پی ٹی آئی کے 20سے زائد کارکنان کو حراست میں لے کر مختلف تھانوں میں منتقل کردیا۔

پی ٹی آئی ریلی میں پولیس کی جانب سے دو نجی چینلز کے رپورٹرز اور کیمرہ مین پر تشدد کیا گیا اور ایک سے کیمرہ چھین بھی لیا گیا۔

اس دوران پی ٹی آئی کے پتھراؤ سے ایک نجی ٹی وی کا کیمرہ مین زخمی بھی ہو گیا۔

ڈی آئی جی جنوبی اسد رضا نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ پی ٹی آئی سے منسلک لوگوں کے خلاف کارروائی اس لیے کی گئی کیونکہ ان کے پاس کراچی کے علاقے کلفٹن میں احتجاج یا ریلی نکالنے کے لیے این او سی نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو این او سی کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران تصادم میں 7 سے 8 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پی ٹی آئی سے وابستہ 20 سے 25 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی اسد رضا نے کہا کہ پولیس گرفتار افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرے گی۔

بعد میں ٹریفک پولیس نے تین تلوار سے دو تلوار جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی۔

تحریک انصاف نے آج تین تلوار سے شارع قائدین تک ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں