ابھرتے ہوئے اداکار جنید نیازی نے کہا ہے کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کے بھاگ کھل گئے، بیٹی ان کے لیے رحمت اور خوشی کا باعث بن کر آئیں، انہیں کام ملنے لگا اور ان کے لیے آسانیاں ہوگئیں۔

اداکار کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں وہ اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں اور خوش قسمتی پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

مذکورہ ویڈیو ان کی جانب سے کچھ عرصہ قبل ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی ہے۔

وائرل ویڈیو میں جنید نیازی اپنی بیٹی کو اپنے لیے رحمت اور خوش قسمتی کی چابی قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اب وہ پہلے کے مقابلے زیادہ محنت اور لگن سے کام کرتے ہیں، کیوں کہ ان کے ذہن میں یہ بات ہوتی ہے کہ بیٹی کے لیے آسانیاں کرنی ہیں۔

اداکار نے کہا کہ عام طور پر لوگ کہتے ہیں کہ اولاد کو کیسے سنبھالا جائے گا، بچوں کو سنبھالنا اور ان کی پرورش کرنا مشکل ہوتا ہے، کیوں کہ ابھی تمہارے پاس آسائشیں نہیں ہیں۔

جنید نیازی کہتے ہیں کہ لیکن جیسے ہی ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی، انہیں آسائشیں بھی مل گئیں، انہیں کام بھی ملنا شروع ہوا اور ان کے لیے آسانیاں بھی پیدا ہوگئیں۔

اداکارہ کہتے ہیں کہ بیٹی ایزا کے بعد وہ جو چاہتے تھے، وہ انہیں ملا، بیٹی ان کے لیے قسمت اور رحمت بن کر آئیں، بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کے بھاگ کھل گئے، انہیں نہ صرف کام ملنے لگا بلکہ اپنی مرضی کا کام ملنے لگا اور اب وہ بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تو ان کی یہی خواہش اور کوشش ہوتی ہے کہ وہ مزید اچھی طرح کام کریں تاکہ وہ اپنی بیٹی کو مزید آسائشیں اور خوشیاں دے سکیں۔

جنید نیازی پہلے بھی اپنی بیٹی ایزا کو اپنے لیے رحمت قرار دیتے رہے ہیں اور اعتراف کرتے رہے ہیں کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کا کیریئر بہتر ہوا۔

جنید نیازی نے کیریئر کے آغاز میں ٹی وی میزبان شجیہ نیازی سے شادی کرلی تھی، جن سے انہیں ایک بیٹی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں