اسرائیل کے حامی رہنے اور صیہونیوں کی حمایت کرنے والے برازیلین مکسڈ مارشل آرٹ (ایم ایم اے) فائٹر روسی گریسی نے حقائق کا علم ہونے پر اسلام قبول کرلیا۔

مکسڈ مارشل فائٹ نیوز ویب سائٹ ایم ایم اے یوکے کے مطابق روسی گریسی نے ہم وطن یوٹیوبر ایڈی روڈزو وچ اور ان کے دوست سے مباحثے کے بعد اسلام قبول کیا۔

یوٹیوبر کی جانب سے دی دین ٹی وی شو نامی یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی تقریبا ایک گھنٹے کی ویڈیو میں ایم ایم اے فائٹر کو یوٹیوبرز کے ساتھ مسئلہ فلسطین پر کھل کر بات کرتے ہوئے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔

بحث کے دوران روسی گریسی نے اعتراف کیا کہ وہ دنیا کے ہر مظلوم کے ساتھ ہیں اور جب انہیں تاریخ کی روشنی میں حقائق بتائےگئے کہ اسرائیل قابض ہے جو کہ مظلوم فلسطینیوں کا خون بہانے میں ملوث ہے، تب انہوں نے اسرائیل کی مخالفت بھی کی۔

طویل بحث کے دوران روسی گریسی نے تسلیم کیا کہ خدا ایک ہے اور حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سمیت دیگر انبیا ان کے پیغمبر ہیں اور پھر انہوں نے کلمہ شہادت بھی پڑھا۔

روسی گریسی نے پروگرام کے دوران مقدس مقامات کی زیارت کے لیے مکمہ مکرمہ جانے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

روسی گریسی کی جانب سےاسلام قبول کرنے اور کلمہ شہادت پڑھنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور لوگ حیران رہ گئے کہ چند دن قبل اسرائیل کی حمایت کرنے والا شخص کس طرح حقائق کا علم ہونے پر مسلمان ہوا؟

روسی گریسی نے 19 فروری کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اسرائیل کی حمایت میں پوسٹ کرتے ہوئے حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا لیکن ہم وطن مسلمان یوٹیوبر سے بحث کرنے اور حقائق کا علم ہونے کے بعد انہوں نے اسلام قبول کرلیا۔

تبصرے (0) بند ہیں