فرانسیسی ماڈل میرین الہیمر نے اسلام قبول کرلیا

07 نومبر 2022
ماڈل نے بتایا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل اسلام قبول کیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام
ماڈل نے بتایا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل اسلام قبول کیا تھا—فوٹو: انسٹاگرام

بولڈ لباس اور پروگرامات میں شرکت کرکے شہرت حاصل کرنے والی خوبرو فرانسیسی ریلٹی ٹی وی اسٹار اور ماڈل میرین الہیمر نے اسلام قبول کرلیا۔

میرین الہیمر متعدد فرانسیسی ٹی وی ڈراموں اور سیریلز سمیت ریئلٹی ٹی وی شوز کا حصہ بن چکی ہیں جب کہ وہ جوتوں، پرفیوم اور لباس کے بولڈ فیشن شوبز کا حصہ بھی رہ چکی ہیں۔

وہ اپنے بولڈ ریئلٹی ٹی وی شوز کی وجہ سے کافی شہرت رکھتی ہیں مگر کچھ عرصے سے لوگوں نے ان کا بدلتا ہوا انداز دیکھا تو ان سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ انہوں نے شوبز اور فیشن کی دنیا چھوڑ دی ہے۔

تاہم انہوں نے خود سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں کو ختم کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے بتایا کہ انہوں نے چند ماہ قبل اسلام قبول کرلیا تھا۔

میرین الہیمر نے سعودی عرب کے مقدس مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے اپنے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور اعتراف کیا کہ وہ چند ماہ قبل ہی مسلمان ہوگئی تھیں مگر انہوں نے یہ بات کچھ عرصے تک خفیہ رکھی۔

ماڈل و اداکارہ نے لکھا کہ ان کے بعض مداح ان کے دائرہ اسلام میں داخل ہونے سے متعلق جانتے ہیں جب کہ کئی ان سے اس ضمن میں سوالات کرتے آ رہے ہیں تو ان کے لیے وہ یہ بات واضح کر رہی ہیں کہ اب وہ دائرہ اسلام میں داخل ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کلمہ شہادت پڑھنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہر انسان کو ایک سے دوسرے مذہب میں داخل ہونے کی اجازت اور حق حاصل ہے اور وہ اس بات پر خدا کی شکر گزار رہیں گی کہ وہ سیدھی راہ پر آگئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے دل اور روح نے اسلام کا انتخاب کیا اور سکون کی خاطر وہ اس مذہب میں آئیں۔

انہوں نے ایک شعر بھی لکھا کہ زندگی سے آگے ایسے بھی راستے ہیں جن پر ہر ایک کو تنہا سفر کرنا پڑے گا، جہاں ان کا ساتھ دینے والا کوئی دوست، کوئی اہل خانہ اور کوئی ساتھی نہیں ہوگا، وہاں صرف خدا اور وہ سفر کرنے والا ہوگا۔

انہوں نے دائرہ اسلام پر نیک خواہشات کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا۔

میرین الہیمر کی جانب سے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعتراف کرنے کے بعد انہوں نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں انہیں مقدس مقامات پر دیکھا جا سکتا ہے۔

عمرے کی تصاویر اور ویڈیوز کو شیئر کرتے ہوئے فرانسیسی ماڈل و اداکارہ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ماڈل مہجا سدرہ کا شکریہ بھی ادا کیا، جنہوں نے عمرے کی ادائیگی کے دوران ان کا ساتھ دیا۔

فرانسیسی ماڈل کی جانب سے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد لوگوں نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں