وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات

16 مارچ 2024
علی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات 30 منٹ تک رہی— فائل فوٹوز: ڈان نیوز
علی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات 30 منٹ تک رہی— فائل فوٹوز: ڈان نیوز

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جیل ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سرکاری پروٹوکول کے بغیر اڈیالہ جیل پہنچے۔

علی امین گنڈاپور کی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات 30 منٹ تک رہی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا واپس روانہ ہو گئے۔

بعدازاں تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر سیف نے بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے بانی پی ٹی آئی سے اہم سیاسی امور پر مشاورت کی جس میں سینیٹ الیکشن میں خیبر پختونخوا سے ناموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں خیبر پختونخوا سے سینیٹ الیکشن کے لیے ناموں کی منظوری بھی لی گئی۔

بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہدایات دیں کہ سیکیورٹی کی بہتری کے لیے تمام تر اقدامات اٹھائیں اور صوبائی حقوق کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صحت کارڈ اور رمضان پیکیج کے حوالے سے بھی بانی پی ٹی آئی کو بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران بانی پی ٹی آئی نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

اس ملاقات سے چند دن قبل ہی اڈیالہ جیل کی انتظامیہ نے دو ہفتوں کے لیے جیل میں ہر قسم کے دوروں، ملاقاتوں اور انٹرویوز پر پابندی عائد کردی تھی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے نوٹی فیکیشن کےمطابق پابندی جیل پر دہشت گردوں کے حملے کے خدشے کے پیش نظر لگائی گئی اور اس پابندی کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی سے بھی کوئی ملاقات نہیں کرسکے گا۔

اس پابندی کے بعد تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی جان کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور ان سے فوری ملاقات کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں