سن رائزرز حیدرآباد نے انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنا دیا

اپ ڈیٹ 28 مارچ 2024
ابھیشک شرما نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی — فوٹو بشکریہ بی سی سی آئی
ابھیشک شرما نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی — فوٹو بشکریہ بی سی سی آئی

انڈین پریمیئر لیگ میں سن رائزرز حیدرآباد کی فرنچائز نے لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ تشکیل دیتے ہوئے ممبئی انڈینز کے خلاف 277 رنز بنا لیے۔

حیدرآباد میں کھیلے جا رہے میچ میں بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر ممبئی انڈین نے ٹاس جیت کر سن رائزرز حیدرآباد کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اوپنرز نے ٹیم کو 45 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد ماینگ اگروال کی 13 گیندوں پر 11 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی لیکن دوسےر اینڈ سے ٹریوس ہیڈ کا لاٹھی چارج جاری رہا جنہوں نے ابھیشک شرما کے ساتھے مل کر ممبئی کے باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔

دونوں نے 22 گیندوں پر 68 رنز جوڑے اور 7.5 اوورز میں اسکور کو 113 تک پہنچا دیا لیکن اسی اسکور پر آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی 3 چھکوں اور 9 چوکوں سے مزین 24 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

ابھیشک نے بھی ہیڈ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے صرف 23 گیندوں پر 63 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

جب ابھیشک آؤٹ ہوئے تو 11 اوورز میں حیدرآباد نے 161 رنز بنا لیے تھے لیکن اس کے بعد بھی ممبئی کے باؤلرز میزبان بلے بازوں کو روکنے میں ناکام رہے۔

میدان میں ہنری کلاسن اور ایڈن مرکرم پر مشتمل جنوبی افریقی جوڑی کی آمد ہوئی اور انہوں نے آخری 9 اوورز میں مزید 116 رنز جوڑ کر انڈین پریمیئر لیگ میں نئی تاریخ رقم کردی۔

مرکرم نے 28 گیندوں پر 42 رنز بنائے لیکن دوسرے اینڈ پر موجود کلاسن کے بلے نے مہمان باؤلرز کی درگت بناتے ہوئے 34 گیندوں پر 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے۔

مقررہ 20 اوورز میں حیدرآباد نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے جو اب تک انڈین پریمیئر لیگ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور ہے۔

اس سے قبل سب سے بڑا اسکور بنانے کا ریکارڈ رائل چیلینجرز بنگلور نے 2013 میں 263 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا جہاں اس میچ میں کرس گیل نے محض 66 گیندوں پر 175 رنز کی ریکارڈساز اننگز تراشی تھی۔

اس میچ میں پاور پلے کے دوران حیدرآباد نے 81 رنز بنائے جو اب تک آئی پی ایل میں چھ اوورز میں بنایا گیا سب سے بڑا اسکور ہے جبکہ 10 اوورز میں بنائے گئے 148 رنز بھی اب تک کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا گیا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز نے مقررہ اوورز میں 246 رنز بنائے اور سن رائزرز حیدرآباد نے میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔

تبصرے (0) بند ہیں