سینیئر اداکار فیصل قریشی نے اپنے مقبول ڈرامے ظلم کے متنازع ڈائلاگز پر معافی مانگ لی۔

فیصل قریشی نے انسٹاگرام پر معافی مانگنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان سمیت ڈرامے کی کاسٹ میں شامل اداکاروں کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا اور وہ صرف اداکاری کرتے ہیں، انہیں جو کہا جاتا ہے، وہی کہتے ہیں۔

اداکار کے مطابق انہیں قیصر نظامانی نے بتایا کہ کراچی بار ایسوسی ایشن نے بیان جاری کرتے ہوئے ان کے ڈرامے میں بولے گئے ڈائلاگز پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان سمیت ڈرامے کی کاسٹ میں شامل اداکاروں کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا، ٹیم سے غلطی سے کچھ نامناسب الفاظ نشر ہوئے، جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔

فیصل قریشی کے مطابق ان سمیت دوسرے اداکاروں نے کوشش کرکے بہت سارے ایسے ہی نامناسب الفاظ ڈرامے میں نہیں بولے لیکن اس باوجود غلطی سے کچھ چیزیں نشر ہوگئیں، جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔

ان کی جانب سے ایسے وقت میں معافی مانگی گئی جب کہ دو روز قبل کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے ان کے ڈرامے کے ڈائلاگز پر احتجاج کرتے ہوئے ٹی وی چینل انتظامیہ، ڈرامے کی ٹیم اور اداکار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

نوٹس میں کراچی بار ایسوسی ایشن نے اداکار سمیت ٹی وی چینل انتظامیہ کو خبردار کیا تھا کہ معافی نہ مانگنے کی صورت میں بار ایسوسی ایشن قانونی کارروائی کا حق رکھتی ہے۔

بار ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ فیصل قریشی کی جانب سے بولے گئے ڈائلاگز نامناسب اور وکیل برادری کی دل آزاری کا سبب بنے ہیں۔

خیال رہے کہ ظلم کو گزشتہ چند ماہ سے ہم ٹی وی پر نشر کیا جا رہا ہے، اس میں فیصل قریشی منفی کردار میں دکھائی دیتے ہیں اور انہوں نے ڈرامے میں متعدد بار دو کوڑی اور دو ٹکے کے وکیل جیسے الفاظ کا استعمال کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں