دبئی میں روایتی حریف بھارت کے کراٹے کومبیٹ کھلاڑی کو شکست دینے والے شاہ زیب رند نے کہا ہے کہ بد قمستی سے حکومت ہمارے نوجوان کھلاڑیوں کو سپورٹ نہیں کر رہی ہے۔

دبئی میں روایتی حریف بھارت کے کراٹے کومبیٹ کھلاڑی کو شکست دے کر شاہ زیب رند وطن واپس پہنچ گئے، کوئٹہ ایئرپورٹ پر شاہ زیب کا شاندار استقبال کیا گیا۔

ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں شاہ زیب رند نے بتایا کہ کراٹے کمبیٹ دنیا کی سب سے بڑی لیگ تھی جس میں وہ پاکستانی ٹیم کو لیڈ کر رہے تھے، ان کا حریف بھارت کا سپر اسٹار تھا لیکن انہوں نے بھی بھرپور ٹریننگ کررکھی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ لڑائی میں ان کے حریف کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا لیکن کامیابی کے بعد انہیں بھارتی اداکار سلمان خان تک نے مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ بدقمستی سےحکومت ہمارے نوجوانوں کو سپورٹ نہیں کر رہی یہی وجہ ہے کہ ہماے ایتھلیٹ پیچھے ہیں لیکن اگر وہ بلوچستان سے نکل سکتے ہیں تو دیگر نوجوان بھی محنت کریں وہ بھی آگے نکل سکتے ہیں۔

اس موقع پر قائمقام ڈائریکٹر جنرل محکمہ کھیل آصف لانگو نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اپنے نوجوانووں کی بھر پور حوصلہ افزائی کرے گی۔

واضح رہے کہ تین روز قبل دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز چھا گئے تھے، پاکستانی فائٹرز شاہ زیب رند اور علی رضوان نے بھارتی حریفوں کو پہلے ہی راؤنڈز میں شکست دےدی جبکہ علومی کریم کی جگہ لڑنے والے فیضان خان بھارتی حریف سے ہار گئے۔

بعد ازاں بھارتی حریف پر پے در پے وار کرنے والے پاکستانی کپتان شاہ زیب رند کی بولی وڈ اداکار سلمان خان سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان شاہ زیب رند سے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں اور انہیں بھارت کے خلاف جیت پر مبارک باد دے رہے ہیں۔

اس دوران بولی وڈ اسٹار نے پاکستانی کپتان کو گلے مل کر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہر جگہ 20، 20 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیتے ہو یار۔

بھارتی اداکار نے پاکستانی کراٹے ماسٹر سے سنجے دت کے بیٹے کا تعارف بھی کرایا۔

شاہ زیب رند نے فائٹ جیتنے کے بعد سلمان خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بچپن سے آپ کو دیکھ کر بڑا ہوا ہوں، آپ سُپر اسٹار ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں