کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کا شہر میں پانی چوری روکنے کا مطالبہ

01 مئ 2024
امین الحق نے کہا کہ کراچی شہر کے  بیشتر علاقے بالخصوص اورنگی ٹاؤن پانی سے محروم ہے جہاں ٹینکر مافیا کا راج ہے—فائل فوٹو: ڈان
امین الحق نے کہا کہ کراچی شہر کے بیشتر علاقے بالخصوص اورنگی ٹاؤن پانی سے محروم ہے جہاں ٹینکر مافیا کا راج ہے—فائل فوٹو: ڈان

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے سینئر، رکن قومی اسمبلی سید امین الحق نے ایم ڈی واٹر کارپوریشن سے ملاقات کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں موجود پانی کے غیرقانونی کنکشنز کا خاتمہ کرکے پانی کی چوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق سید امین الحق نے مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) واٹر کارپوریشن کراچی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ایم کیو یام رہنما نے ایم ڈی واٹر بورڈ کارپوریشن کو کراچی میں رسانی آب سے متعلق درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

امین الحق نے فراہمی و نکاسی آب کے حوالے سے درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی شہر کے بیشتر علاقے بالخصوص اورنگی ٹاؤن پانی سے محروم ہے جہاں ٹینکر مافیا کا راج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹاؤن میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

انھوں نے مطالبہ کیا کہ شہر کے مختلف علاقوں سے غیرقانونی کنکشنز کا خاتمہ کرکے پانی کی چوری کو روکا جائے۔

واضح رہے کہ کراچی شہر کے تقریباً ہر علاقے سے پانی کی شدید قلت کی خبریں آتی رہتی ہیں، پانی کی شدید قلت سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں گنجان آباد اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن، گڈاپ، نارتھ کراچی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ملیر، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے زیر انتظام کلفٹن کے کچھ حصے، لیاری وغیرہ شامل ہیں جہاں رہائشیوں کو شکایت ہے کہ انہیں 60 فیصد سے بھی کم پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں