ایوان بالا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے سینئر رہنما سینیٹر شبلی فراز نے واضح کیا ہے کہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ڈائیلاگ بہت ضروری ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات ہی واحد حل ہیں۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی سفارتخانے کے ڈپٹی پولیٹکل کونسلر کرسٹوفر جے براؤن نے سینیٹر شبلی فراز سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پاک امریکا تعلقات، دوطرفہ تعاون، آئی ایم ایف پروگرام اور معاشی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی ڈپٹی پولیٹکل کونسلر نے باور کرایا کہ پاکستان اور امریکا کے معاشی اور سیاسی استحکام آپس میں جڑے ہیں، پرامن سیاست اور قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ملکی صورتحال کے پیش نظر ڈائیلاگ بہت ضروری ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مذاکرات ہی واحد حل ہیں، پی ٹی آئی بطور جماعت تشدد اور فساد کو رد کرتی ہے۔

دونوں شخصیات کی ملاقات کے دوران پاک امریکا تعلقات اور رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں