فائل فوٹو—
فائل فوٹو—

پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے ایک مرتبہ پھر متحدہ قومی موومنٹ پر زہرہ شاہد کے قتل کا الزام عائد کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ کراچی میں ایم کیو ایم کی مخالفت میں احتجاج کریں۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ عمران خان نے زہرہ شاہد کے قتل کی تفتیش کے بغیر ہی الطاف حسین پر الزامات عائد کردیے ہیں چنانچہ وہ تحریکِ انصاف کے خلاف پوری دنیا میں مظاہرے کریں گے۔

اتوار کے روز عمران خان نے ہسپتال سے اپنے ریکارڈ شدہ پیغام میں کہا کہ زہرہ شاید کے قتل کی ذمہ دار ایم کیو ایم ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح سے خوف پھیلانے کا مقصد صرف شہر کا کنٹرول حاصل کرنا ہے۔

یاد رہے کہ ہفتے کی رات پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کی نائب صدر زہرا شاہد کو ڈفینس میں ان کے گھر کے باہر نامعوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کریا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ ہسپتال سے فارغ ہوں گے تو وہ خود بھی کراچی میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ زہرہ شاہد کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے اپنی جماعت کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ عام انتخابات میں ہوئی مبینہ دھاندلی کے خلاف دارالحکومت اسلام آباد میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے باہر بھی احتجاج کریں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ جمہوریت کی خاطر دوبارہ انتخابات کا مطالبہ نہیں کررہے۔

عمران خان نے الیکشن کمیشن کے چیف فخرالدین جی ابراہیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام  عدالیہ اور الیکشن کمیشن سے انصاف کی امید لگائے بیٹھی ہے لہٰذا دھاندلی کا نوٹس لیا جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں