کراچی: متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین اور کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے جس میں کراچی میں جاری آپریشن کے حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ کی شکایات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

الطاف حسین اور سجاد غنی کے درمیان گفتگو میں ایم کیو ایم کے تحفظات دور کرنے کے لیے چھ رکنی کمیٹی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

کورکمانڈر کراچی سجاد غنی نے الطاف حسین سے گفتگو میں کہا کہ کراچی میں جاری آپریشن کو غیرجانبدار بنانے کے لیے ہر ممکنہ اقدام کیا جائے گا ، اس حوالے سے سامنے آنے والی تمام شکایات کی بھر پور تحقیقات کی جائیں گی۔

گفتگو کے دوران چھ رکنی کمیٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا، کمیٹی میں آپریشن کرنے والے اداروں کے تین افسران اور ایم کیوایم کے تین اراکین شامل ہوں گے ، یہ کمیٹی تمام تر شکایات کا جائزہ لے کر ان کی تحقیق کرے گی اور جولوگ بھی قانون کی خلاف ورزی میں ملوث ہوں گے ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی خواہ ان کا تعلق کسی سے بھی ہو۔

واضح رہے کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف کو کراچی آپریشن کے حوالے سے خط لکھنے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اس بارے میں مزید کھلے خطوط بھی تحریر کریں گے۔

تاہم کور کمانڈر کراچی نے الطاف حسین کی شکایات کو سنا جس پر الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف کو کھلے خط لکھنے کا فیصلہ موٴخر کر دیا ہے ۔

تبصرے (0) بند ہیں