اسلام آباد میں دہشت گردی کا خطرہ ہے،چوہدری نثار

16 اگست 2014
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان  فاءل فوٹو۔۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان فاءل فوٹو۔۔

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ملک کی اعلٰی انٹیلی جنس ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کہا کہ انٹیلی جنس کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں دو خودکش بمبار داخل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور سے قافلوں کا اسلام آباد آنا خطرے سے خالی نہ تھا یہاں پر سیکیورٹی کے سنگین خدشات ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان زیادہ فعال ہیں تاہم انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنان کے عدم تعاون کا گلہ بھی کیا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ جلسہ گاہوں کے اطراف سیکورٹی حصار بنادیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈزون میں سیاست کی اجازت نہیں ہے.اس خطے میں نہ صرف اہم سرکاری عمارات بلکہ سفارتخانہ بھی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بعض سفارتخانے ان ممالک کے ہیں جن سے پاکستان کے بہت اچھے تعلقات نہیں ہیں، اس لئے ریڈزون میں داخل ہونے کی کوشش کی گئی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

چوہدری نثار نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ہورہی ہے اور لاکھوں لوگ بے گھر ہیں لیکن اس وقت کوئی ان اہم امور کی بات نہیں کررہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں