سدا بہار ریکھا

اپ ڈیٹ 10 اکتوبر 2014
بولی وڈ اداکار ریکھا — اے ایف پی فوٹو
بولی وڈ اداکار ریکھا — اے ایف پی فوٹو

اگر 11 اکتوبر بولی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن کا یومِ پیدائش ہے تو دس اکتوبر کو معروف اداکار ریکھا پیدا ہوئیں۔

ریکھا آج اپنی 60 ویں سالگرہ منا رہی ہیں، جنہیں ان کی بہترین اداکاری کے لیے یاد کیا جاتا ہے وہیں ان کی پراسراریت بھی ان کی جاذب نظر شخصیت کا حصہ رہی ہے۔

قاتل نگاہوں اور نمکین رنگت والی بولی وڈ کی ساحرہ ریکھا نے دس اکتوبر 1954 کو مدراس کے ایک گھرانے میں آنکھ کھولی۔

گیارہ سال کی عمر میں تیلگو فلم میں اداکاری سے کرئیر شروع کیا، 1969 میں ہندی فلم 'دو شکاری' کی ہیروئن کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں اور جلد ہی فلمی دنیا پر راج کرنے لگیں۔

انیس سو چھہتر میں ریکھا نے پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ فلم 'دو انجانے' میں کام کیا اور فلم کو امر کردیا، 1978 میں فلم 'مقدرکا سکندر' نے ریکھا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا اورانہیں فلم فیئر ایوارڈ بھی دلادیا۔

ریکھا کی آنکھوں کی مستی تو سب ہی کو یاد ہوگی، فلم امراؤ جان کی اداؤں نے بھی ثابت کر دیا کہ دل چیز کیا ہے آپ جان لیجئے۔

ان کی فلموں میں ساون بھادو، نمک حرام، خون پسینہ، جیون دھارا، اگر تم نہ ہوتے، پھول بنے انگارے، زبیدہ اور دیگر کئی فلموں نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔

اداکار امیتابھ بچن کے ساتھ ان کی جوڑی بے حد پسند کی گئی اور دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا، اداکاری کے ساتھ ساتھ ریکھا کی رقص کی صلاحیتوں کو بھی فلم بینوں نے خوب سراہا۔

واضح رہے کہ 1980 کی دہائی میں ریکھا اور امیتابھ کے تعلقات کی خبریں منظر عام پر آئیں تھیں اور فلمی پنڈتوں کا خیال تھا کہ دونوں ایک دوسرے سے شادی کرلیں گے لیکن شاید امیتابھ بچن کی بیوی جیا بہادری کی وفا آڑے آگئی جس کے باعث امیتابھ ریکھا سے شادی نہ کرپائے۔

ریکھا نے اپنی جوانی کی اداؤں سے تو دلوں کا چین لوٹا مگر آج بھی ان میں ویسی ہی دلکشی ہے اوراس بار وہ بولی وڈ کی سپر نانی کے روپ میں جلوہ گر ہوں گی۔

تبصرے (0) بند ہیں