فواد خان ہندوستان میں پاکستان کی شناخت

اپ ڈیٹ 01 نومبر 2014
فواد خان — پبلسٹی فوٹو
فواد خان — پبلسٹی فوٹو

برسوں سے ممبئی فلمی صنعت میں متعدد ابھرتے ہوئے اداکار ہندوستان کے مختلف حصوں سے بولی وڈ کا حصہ بنے مگر اب وقت تبدیل ہوچکا ہے اور صرف انڈین نہیں بلکہ دیگر ممالک کے اسٹارز بھی دنیا کی دوسری فلمی صنعت میں خود کو منوانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

اور ان سب میں نمایاں پاکستانی ٹیلیویژن کے سپر اسٹار فواد خان ہیں جن کا جادو 'زندگی گلزار ہے' کے ذریعے ہندوستانی شائقین پر طاری ہوا اور فلم 'خوبصورت' کے ذریعے یہ شرمیلا اور کم گو پاکستانی اداکار شہری انڈیا میں راتوں رات اسٹار بن کر جگمگانے لگا، خاص طور پر خواتین کے دلوں پر اس کی حکمرانی بالکل واضح ہے۔

 فواد خان اور صنم سعید
فواد خان اور صنم سعید 'زندگی گلزار ہے' کے ایک سین میں

تاہم بولی وڈ میں دیگر پاکستانی اداکار فواد خان جتنے کامیاب ثابت نہیں ہوسکے۔

حالیہ برسوں میں وینا ملک اور میرا کے نام لگا تار فلاپ فلمیں آئیں جبکہ حمیمہ ملک کی سنجے دت کے ساتھ فلم 'شیر' ریلیز ہی نہ ہوسکی اور عمران ہاشمی کے ساتھ ان کی 'راجہ نٹورلال' باکس آفس پر فلاپ ثابت ہوئی۔

سارہ لورین کی 'مرڈر تھری' کافی متاثر کن ضرور تھی مگر یہ حسینہ اس فلم میں کچھ زیادہ نمایاں نہیں تھی جس کی وجہ سے اس کے بعد یہ بھی غائب ہوگئی۔

علی ظفر پاکستان کے ان اداکاروں میں سے ایک ہیں جو بولی وڈ میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہے مگر وہ اپنی فلموں کا انتخاب بہت محتاط انداز سے کرتے ہیں جبکہ ان کی آخری فلم 'ٹوٹل سیاپا' واقعی سیاپا ہی ثابت ہوئی۔

مگر پاکستانی ہارٹ تھروپ فواد خان 'خوبصورت' کی اوسط کامیابی کے باوجود اپنی اداکاری کی صلاحیت اور پُرکشش شخصیت کی بناء پر بولی وڈ کے حلقوں سمیت عام ہندوستانیوں کا دل جیتنے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔

 فواد خان اور سونم کپور
فواد خان اور سونم کپور 'خوبصورت' کے ایک سین میں

سونم کپور سے پوچھا جائے تو وہ فواد کو سراہتے ہوئے کہتی ہیں "فلم میں ہماری کیمسٹری اور پرفارمنس کو لوگوں نے بہت سراہا ہے، ہمارے رومانس کے بھی خوب چرچے ہوئے اور یقیناً میں ایک بار پھر فواد کے ساتھ کام کرنا پسند کروں گی، چونکہ اب وہ پاکستان میں ہے اس لیے میں اسے کافی یاد کرتی ہوں"۔

سونم کے والد انیل کپور بھی فواد خان کو سراہے بغیر نہیں رہ سکے اور ان کا کہنا ہے کہ فواد کو بولی وڈ میں یقیناً آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، میں نے محسوس کیا ہے کہ وہ بہت اچھا انسان ہے اور یہ وہ خوبی ہے جو ہر اداکار میں ہونی چاہئے، اسکے علاوہ وہ اپنے وعدوں کو ہر حال میں پورے کرنے والا شخص ہے اور وہ اپنے سینئرز کا احترام، بیوی سے محبت اور ہر ایک سے نرمی سے پیش آتا ہے تو آخر لوگ اسے پسند کیوں نہیں کریں گے، میں مستقبل میں اس کے ساتھ دوبارہ بھی کام کرنا پسند کروں گا۔

فواد خود بھی مزید پراجیکٹس کی تلاش میں ہیں اور کہتے ہیں "جی ہاں میں نے کچھ افراد سے بات کی ہے تاہم ابھی تک کچھ طے نہیں ہوا ہے"۔

فواد کے مطابق "ہندوستانی عوام سے مجھے بہت محبت ملی ہے اور جہاں بھی گیا ہوں میرا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا ہے"۔

 فواد خان اور ماہرہ خان ڈرامہ سیریل
فواد خان اور ماہرہ خان ڈرامہ سیریل 'ہمسفر' کے ایک سین میں

زی کے چینیل زندگی کی بدولت فواد خان انڈین لڑکیوں اور خواتین کے دلوں کے راجکمار بن کر ابھرے ہیں اور 'زندگی گلزار ہے اور ہمسفر' جیسے ڈراموں کی بدولت انڈین پروڈیوسرز کی توجہ کا بھی مرکز بن چکے ہیں۔

فواد خان کا پاکستان سے تعلق ہونا بھی خواتین کو ان سے محبت کے اظہار سے روکنے میں ناکام رہا ہے اور توقع ہے کہ فواد بولی وڈ میں ایک نئی تاریخ رقم کرکے یہ تاثر ختم کردیں گے کہ وہاں کوئی بھی پاکستانی اسٹار جگہ بنانے میں ناکام رہتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں