کارکن کا قتل، ایم کیو ایم کا کل یوم سوگ کا اعلان

اپ ڈیٹ 11 جنوری 2015
ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی — فائل فوٹو
ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی — فائل فوٹو

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رابطہ کمیٹی نے ملیر کھوکھرا پار تھانے میں پولیس کے مبینہ تشدد سے کارکن فراز عالم کے قتل کیخلاف کل ملک بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیو ایم کا گرفتار کارکن فراز کھوکھراپارتھانے میں تفتیش کے دوران پراسرار طور پرہلاک ہوگیا تھا۔ فراز عالم کے لواحقین نے پولیس پر الزام عائد کیا ہے کہ فراز کی رہائی کے لئے لاکھوں روپے طلب کئے جارہے تھے نہ دینے پر تشدد کرکے مارا گیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سندھ نے واقعے کی تحقیقات کے لئے ڈی آئی جی ایسٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق فراز عالم کے قتل کیخلاف ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کل ملک بھر میں سوگ کا اعلان کردیا ہے۔ بعد ازاں رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی کردی ہے۔

ٹی وی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے کل یوم سوگ کی اپیل کے بعد کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے سوگ کی حمایت کرتے ہوئے گاڑیاں سڑکوں پر نا لانے کا اعلان کردیا ہے۔

قتل کیخلاف متحدہ کی رابطہ کمیٹی نے سندھ میں کل ٹرانسپورٹ اورکاروباری حلقوں سے اپنی سرگرمیاں بند رکھنے کی اپیل کی تھی۔

رابطہ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ کل سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

ادھر فراز عالم کے قتل پر متحدہ کے رہنما حیدر عباس رضوی نے مطالبہ کیا ہے کہ قتل کی تحقیقات سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے کرائی جائے اور ایم کیوایم پولیس کی انکوائری کوتسلیم نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے کارکنان کو گرفتارکرکے جھوٹے مقدمات درج کیے جارہے ہیں اور پولیس ہمارے کارکنوں کو گرفتار کرکے بدترین تشدد کا نشانہ بناتی ہے۔

متحدہ رہنما نے کہا کہ مجھے حیرت ہے کہ جج کو دوروز قبل فراز نے خود پر ہونے والا تشدد کے نشانات دکھائے تھے تاہم جج نے اس کو دو دن کیلئے پولیس ریمانڈ پر دے دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں