کراچی ایئرپورٹ حملے کے 3 ملزمان پر فرد جرم عائد

اپ ڈیٹ 07 مارچ 2015
کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس کے ملزمان نے جج کے روبرو صحت جرم سے انکار کیا—۔فائل فوٹو/ رائٹرز
کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس کے ملزمان نے جج کے روبرو صحت جرم سے انکار کیا—۔فائل فوٹو/ رائٹرز

کراچی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کراچی ایئر پورٹ حملہ کیس کے تینوں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق ہفتے کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں کراچی ایئرپورٹ حملہ کیس کی سماعت کے دوران ملزمان ندیم عرف برگر، آصف ظہیر اور سرمد صدیقی کوپیش کیا گیا۔

کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے تینوں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔

تاہم ملزمان نے جج کے روبرو صحت جرم سے انکار کیا جس پر عدالت نے مقدمے کے گواہان کو 14 مارچ کو طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس اگست میں دہشت گردوں نے کراچی ایئر پورٹ پر حملہ کیا تھا ، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے تھے، جبکہ فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 10 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا تھا ۔

اس حملے کی ذمہ درای کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے قبول کرلی تھی۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے ایئرپورٹ حملہ کیس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ سمیت دیگر 8 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں