منموہن سنگھ عدالت میں طلب

11 مارچ 2015
۔ —. فائل فوٹو اے ایف پی
۔ —. فائل فوٹو اے ایف پی

نئی دہلی: سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے بدھ کو کول فیلڈ بدعنوانی کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو ملزم نامزد کرتے ہوئے انہیں 8 اپریل کو عدالت میں طلب کیا ہے۔

دوسری جانب اس مقدمے میں ملزم نامزد کیے جانے پر منموہن سنگھ کا کہنا ہے کہ یہ سب زندگی کا حصہ ہے۔

ہندوستانی ذرائع ابلاغ نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے منموہن سنگھ کے نام سمن بھیج دیا ہے۔

منموہن سنگھ کے علاوہ صنعت کار کمار منگلم برلا، سابق کوئلہ سیکرٹری پی سی پرکھ اور تین دیگر افراد کو بھی اس معاملے کا ملزم قرار دیتے ہوئے سمن بھیجا گیا ہے۔

سی بی آئی کی عدالت نے ان پر مجرمانہ سازش تیار کرنے، دھوکہ کرنے، اور بدعنوانی کے خلاف قانونی دفعات کے تحت نوٹس ارسال کیا ہے۔

کانگریس کے رہنما منیش تیواڑی کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ قانونی کم اور سیاسی زیادہ ہے۔

جبکہ ماحولیات کے مرکزی وزیر پرکاش نے کہا ہے کہ عدالت کا یہ فیصلہ یو پی اے کی پچھلی حکومت کی غلط پالیسیوں کو ثابت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا’’یہ بات نہایت حیران کن ہے کہ کوئلے کی کانیں من مانے طریقے سے تقسیم کی گئی تھیں، کسے کیوں دی گئی اور کسے کیوں نہیں، اس کی کوئی دستاویزی بنیاد نہیں تھی۔‘‘

عالمی سطح پر قابلِ احترام معیشت دان منموہن سنگھ نے 90 کی دہائی آزاد مارکیٹ کی اصلاحات کے ذریعے ہندوستان کو اس کے سوشلسٹ ماضی سے باہر نکالا تھا۔ انہوں نے 2008ء کے مالیاتی بحران سے نکلنے میں ایک نمایاں کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے اندراگاندھی کے خاندان کی کانگریس پارٹی کی قیادت کے تحت حکومت کے وزیراعظم کے طور پر حکمرانی کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں