'داؤد ابراہیم پاکستان میں ہے، واپس لائیں گے'

11 مئ 2015
راج ناتھ سنگھ — اے ایف پی فائل فوٹو
راج ناتھ سنگھ — اے ایف پی فائل فوٹو

نئی دہلی : ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک بار دعویٰ کیا ہے کہ ان کے ملک کے پاس داﺅد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی کے شواہد موجود ہیں اور اسے ہر صورت میں واپس لایا جائے گا۔

ہندوستانی چینیل این ڈی ٹی وی کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چاہے ہمیں پاکستان کے پیچھے لگنا پڑے یا اس پر دباﺅ ڈالنا پڑے، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم داﺅد ابراہیم کو واپس نہیں لے آتے۔

ہندوستانی وزیر کے مطابق ہماری حکومت اپنی طاقت کے مطابق سب کچھ کرے گی تاکہ داﺅد ابراہیم کو واپس لایا جاسکے۔

راج ناتھ سنگھ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ دنوں ہندوستان کے ہی وزیر مملکت برائے داخلہ امور ہری بھائی چوہدری نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ انڈیا کو معلوم نہیں کہ داﺅد ابراہیم کہاں موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ داﺅد ابراہیم کہاں موجود ہے وہ اب تک پتا نہیں چل سکتا ہے، داﺅد ابراہیم کی ملک واپسی کے حوالے سے اقدامات اسی وقت ہوسکتے ہیں جب معلوم ہوجائے کہ وہاں کہاں ہے۔

مگر آج لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا بیان تھا کہ ہندوستان پاکستان میں داﺅد ابراہیم کی موجودگی سے واقف ہے تاہم اس کی موجودہ جائے وقوع کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہ جاسکتا۔

ان کا کہنا تھا " داﺅد ابراہیم کی موجودگی کے تمام تر دستاویزات اور شواہد کے باوجود پاکستان اسے تلاش کرنے یا اس کے خلاف کوئی اقدام کرنے میں ناکام رہا ہے"۔

پاکستان ہمیشہ ہی ہندوستان کے ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے ۔

تبصرے (0) بند ہیں