کراچی: کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران ایک خودکش حملہ آوروں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

دہشت گردوں نے رینجرز پر دستی بموں سے حملہ اور فائرنگ بھی کی جس میں ایک اہلکار اور دو بچیاں زخمی ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق رینجرز کی جانب سے اورنگی ٹاون کے علاقے فقیرکالونی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

سرچ آپریشن کے دوران نامعلوم دہشت گردوں نے رینجرز پر دستی بموں سے حملہ کیا اور فائرنگ بھی کی جبکہ ایک دہشت گرد نے خود کو ایک مکان میں دھاکے سے اڑا لیا۔

— ڈان نیوز اسکرین گریب
— ڈان نیوز اسکرین گریب

دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اسکی آواز دور دور تک سنا دی، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رینجرز پر حملہ کرنے والے دہشت گرد پہاڑ پر قائم ایک گھر میں موجود تھے جبکہ دھماکے سے تباہ ہونے والے مکان میں، جو کہ دہشت گردوں کے ٹہکانہ بتایا جارہا ہے، خودکش بمبار کے علاوہ تین سے چار مزید دہشت گردوں کی موجودگی کی بھی اطلاعات ہیں۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ خود کش بمبار نے محاصرہ کیے جانے پر پہلے رینجرز کی گاڑی پر دستی بم پھینکے اور پھر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

دھماکے کے بعد رینجرز نے پہاڑوں پر قائم تمام گھروں کی تلاشی لی اور دھماکے میں تباہ ہونے والے مکان کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کردیا گیا۔

اس موقع پر ڈی جی رینجرز میجرجنرل بلال اکبر نے جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا ہے۔

— ڈان نیوز اسکرین گریب
— ڈان نیوز اسکرین گریب

رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے والے مکان کے ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے اور متاثرہ مکان کا ملبہ ہٹانے سے پہلے دھماکے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دھماکے سےایک رینجرز اہلکار اور 2 بچیاں زخمی ہوئی ہے جن کو طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

متاثرہ مکان کے ملبے کو ہٹانے کا کام جاری ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے کو طلب کرلیا گیا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے خود کش جیکٹ نہیں ملی ہے۔

ان کے مطابق دھماکے میں آئی ای ڈی ڈیوائس استعمال کی گئی ہے جو کہ 4 سے 5 کلو بارودی مواد کے ساتھ منسلک تھی۔

بی ڈی ایس اہلکار نے مزید بتایا کہ دن کی روشنی میں اس مقام کی دوبارہ سرچنگ کی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے سے تباہ ہونے والے متاثرہ مکان کے ملبے سے 3 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ رینجرز نے ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں ملبے سے نکال کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں