دنیا بھر میں 6 کروڑ پناہ گزین ہیں ، اقوام متحدہ

18 جون 2015
— فائل فوٹو/ اے پی
— فائل فوٹو/ اے پی
شامی مہاجرین — فوٹو بشکریہ یو این ایچ سی آر
شامی مہاجرین — فوٹو بشکریہ یو این ایچ سی آر
بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا مسلمانوں کا مہاجر کیمپ — فوٹو بشکریہ یو این ایچ سی آر
بنگلہ دیش میں قائم روہنگیا مسلمانوں کا مہاجر کیمپ — فوٹو بشکریہ یو این ایچ سی آر

دنیا بھر کے مختلف خطوں میں جاری جنگوں، مسلح تنازعات اور تشدد کے باعث اپنا گھر بار چھوڑنے والے افراد کی تعداد 6 کروڑ تک جا پہنچی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اردو نے اپنی ایک رپورٹ میں اقوام متحدہ کے حوالے سے لکھا ہے کہ مہاجرین کی تعداد میں ہونے والا یہ اضافہ اس وقت تک کا ریکارڈ اضافہ ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) کے مطابق اس تعداد میں 2013ء کے مقابلے میں 83 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ شام میں جاری خانہ جنگی کو قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 2014ء کے آخر تک ان افراد کی تعداد 5 کروڑ 95 لاکھ تھی جن میں سے نصف سے زیادہ بچے تھے، جب کہ صرف وسطی ایشیاء کے ملک شام میں ہی گذشتہ سال دسمبر تک 39 لاکھ پناہ گزین اور 76 لاکھ افراد اندرونِ ملک نقل مکانی کرنے پر مجبور کیے گئے۔

مزید پڑھیں: پاکستان، پناہ گزینوں کی دوسری بڑی آبادی کا میزبان

ان متاثرہ افراد میں ایک کروڑ 95 لاکھ مہاجرین اور اپنا ملک اور گھر بارچھوڑنے پر مجبور3 کروڑ 82 لاکھ افراد کے علاوہ 18 لاکھ وہ لوگ بھی شامل ہیں جو دیگر ممالک میں پناہ کی درخواستوں پر فیصلوں کے منتظر ہیں۔

ان نتائج کے مطابق دنیا میں ہر 122واں شخص مہاجر ہے۔

پاکستان میں موجود افغان مہاجرین — فائل فوٹو
پاکستان میں موجود افغان مہاجرین — فائل فوٹو

رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک میں اپنا گھر بار چھوڑنے والوں کی تعداد 50 فیصد اضافے کے ساتھ 67 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، جب کہ اس اضافے کا ذمہ دار افریقی ممالک سے بحیرۂ روم کے راستے آنے والے پناہ گزینوں کو قرار دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز پیش کی جانے والی عالمی امن سے متعلق ایک سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ برس تشدد، جنگوں اور اس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے دنیا کی ایک فیصد آبادی یا تو پناہ گزین ہے یا پھر اپنے ہی ملک میں گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئی اور یہ تعداد 1945ء میں ہونے والی دوسری جنگ عظیم کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

یو این ایچ سی آر کے سربراہ انتونیو گترز کے مطابق ’دنیا ایک خراب جگہ بن چکی ہے۔ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھتی ہی جا رہی ہے اور بدقسمتی سے ان میں سے متعدد کے پاس خود کو سنبھالنے کے وسائل نہیں۔‘

انتونیو گترز کے مطابق سال 2014ء میں پناہ گزینوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے 42 ہزار افراد کا اضافہ ہوا جبکہ 2013 میں یہ تعداد 32 ہزار تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں