تیونس کے ساحلی مقام پر دہشتگرد حملہ، 27 افراد ہلاک

26 جون 2015
سوسہ میں حملے کے مقام کا منظر جہاں ایک مشتبہ شخص کو سیکیورٹی اہلکار مشتعل افراد سے بچا کر لے جارہے ہیں — رائٹرز فوٹو
سوسہ میں حملے کے مقام کا منظر جہاں ایک مشتبہ شخص کو سیکیورٹی اہلکار مشتعل افراد سے بچا کر لے جارہے ہیں — رائٹرز فوٹو

تیونس : شمالی افریقی ملک تیونس کے ایک ساحلی تفریحی مقام پر ہوٹلوں کے سامنے دہشت گرد حملے میں غیرملکیوں سمیت 27 افراد ہلاک ہوگئے۔

یہ حملہ تیونسی ساحلی مقام سوسہ میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے دو ہوٹلوں پر حملہ کیا۔

تیونس کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ دہشتگرد حملے میں ہلاک ہونے والے بیشتر سیاح ہیں تاہم ابھی ان کی قومیت کے بارے میں واضح طور پر کچھ کہا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ مسلح افراد ہوٹل کے عقب سے اندر آئے اور فائر کھول دیے جس کے نتیجے میں اب تک 27 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

واقعے کے نتیجے میں درجن بھر زخمی افراد کو بھی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ ایک دہشتگرد حملہ ہے جس کے دوران مرحبا نامی ہوٹل کو ہدف بنایا گیا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور کو ہلاک کردیا گیا تاہم انہوں نے اس امکان کو رد نہیں کیا کہ حملہ آور ایک سے زیادہ بھی ہوسکتے ہیں۔

مقامی افراد نے بتایا کہ دہشت گردوں نے دوپہر کے وقت ساحلی مقام پر حملہ کیا جب ساحل پر سیاحوں کا کافی رش تھا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ شروع میں تو ایسا لگا جیسے آتشبازی ہورہی ہے اور لوگ خوشی منارہے ہیں مگر جلد ہی لوگوں میں افراتفری کے آثار دیکھ کر حالات کی سنگینی کا اندازہ ہوا۔

خیال رہے کہ مارچ میں تیونس کے دارالحکومت تیونس شہر میں ایک عجائب گھر پر ہونے والے حملے میں کم از کم 22 افراد مارے گئے تھے۔ہلاک ہونے والوں میں اکثریت غیر ملکی سیاحوں کی تھی اور اس حملے کے بعد سے ملک میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے تھے اور سیکیورٹی ہائی الرٹ پر تھی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Jun 26, 2015 11:54pm
یہ اشارے اچھے نہیں ھیں