ایم کیو ایم رہنما منظر امام کا قاتل گرفتار

اپ ڈیٹ 23 ستمبر 2015
ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی منظر امام — فوٹو بشکریہ سندھ اسمبلی۔
ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی منظر امام — فوٹو بشکریہ سندھ اسمبلی۔

کراچی: پاکستان رینجرز سندھ نے گزشتہ رات تیسر ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رکن صوبائی اسمبلی منظر امام کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

رینجرز کے ایک اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم ہی سے تعلق رکھنے والے محمد عاشق کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا ہے جہاں عدالت نے انہیں 90 روز کے لیے رینجرز کی تحویل میں دے دیا۔

اعلامیے کے مطابق محمد عاشق نے منظر امام اور ان کے محافظوں کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے جنہیں 17 جنوری 2013 کو قتل کیا گیا تھا۔

اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ اس کے علاوہ وہ حریف جماعتوں کے 12 افراد کے قتل میں ملوث ہیں۔

یاد رہے کہ جنوری 2013 کو منظر امام پر کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا جس میں وہ اپنے تین محافظوں سمیت ہلاک ہو گئے تھے.

تاہم اس وقت کی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹٰی پی) نے واقعے کی ذمے داری قبول کی تھی۔

متحدہ قومی مومنٹ کے رکن اور ممبر صوبائی اسمبلی منظر امام حکومت سندھ میں ممبر اسٹیئرنگ کمیٹی فار کوآپریشن، اسٹینڈنگ کمیٹی انوائرمنٹ اینڈ آلٹرنیٹ انرجی کے ساتھ ساتھ قیدیوں کے لیے بنائی گئی اسٹینڈنگ کمیٹی کے بھی رکن تھے، وہ پیشے کے اعتبار سے بزنس مین تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں