پشاور: صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے پشاورسینٹرل جیل کے ایک سینئر پولیس افسر اور ان کے بھائی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

چارسدہ میں پولیس حکام نے بتایا کہ ڈی ایس پی ظاہر شاہ کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ جمعرات کو مندائی علاقے میں اپنے حجرے میں لوگوں سے عید الالضحیٰ مل رہے تھے۔

مقامی افراد نے بتایا کہ چار مسلح افراد موٹر سائیکلوں پر آئے اور ان میں سے دو مہمان بن کر حجرے میں داخل ہوئے جہاں شاہ احاطے میں لوگوں کے ساتھ بیٹھے تھے۔

مقامی افراد نے بتایا کہ حملہ آوروں نے شاہ پر فائرنگ کی تو قریب ہی موجود ان کا بھائی اسلحہ لے کر آگے بڑھا، جسے باہر موجود حملہ آوروں نے گولی مار دی۔

مقامی پولیس اسٹیشن کے سربراہ حسن خان نے اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ڈسٹرکٹ پولیس افسر شفیع اللہ نے حملے کی تصدیق کی ہے۔

ابھی تک کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ خیال رہے کہ گزشتہ رات چارسدہ کے علاقےآخونزادہ میں پولیس سے جھڑپ میں تین مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔ پولیس نے ہلاک ہونے والوں سے ہتھیار اور دستی بم بھی برآمد کیے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں