نواز شریف سے قبل آئی ایس آئی چیف کا دورہ امریکا

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2015
ڈی جی آئی ایس آئی وزیر اعظم کو بریفنگ دیں گے ... فائل فوٹو: پی آئی ڈی
ڈی جی آئی ایس آئی وزیر اعظم کو بریفنگ دیں گے ... فائل فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر نے واشنگٹن کے دورے میں امریکی حکام سے دفاعی معاملات اور انسداد دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی اتوار کو وطن واپسی کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کو رپورٹ پیش کریں گے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ہفتے کو امریکا کے سرکاری دورے پر روانہ ہونا تھا تاہم ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اپنی روانگی ایک روز کے لیے مؤخر کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف ڈی جی آئی ایس آئی کی بریفنگ کے بعد امریکا روانہ ہوں گے جس میں ان کے ساتھ مشیر برائے داخلی سیکیورٹی و خارجہ امور سرتاج عزیز اور سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نواز شریف کی ہدایت پر اتوار کے روز ہی امریکا روانہ ہو گئے ہیں۔

بی بی سی سے گفتگو میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے امریکا کے دورے میں جوہری صلاحیت کی حفاظت سمیت دیگر امور زیر بحث آئیں گے۔

سرتاج عزیز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیت پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ ذرائع ابلاغ میں اس طرح کی رپورٹس آئی تھیں کہ امریکا پاکستان کو نیوکلیئر سپلائی گروپ میں شامل کرنے کے لیے آمادہ ہے البتہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام پر بعض پابندیاں لگا دی جائیں گی۔

دوسری جانب وائٹ ہاوس نے کہا تھا کہ امریکی صدر باراک اوبامہ اور وزیر اعظم نواز شریف ایٹمی توانائی کے حوالے سے کسی بھی قسم کے معاہدے پر دستخط نہیں کر رہے البتہ ملاقات میں جوہری معاملات زیر بحث آئیں گے۔

سرتاج عزیز نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے میں جو بنیادی معاملات زیر بحث آئیں گے ان میں امریکا سمیت پاک ہند تعلقات، افغانستان میں قیام امن، تجارت اور سرمایہ کاری شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان امریکا سے 2008 سے سول نیو کلیئر معاہدے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

امریکی صدر باراک اوباما کہہ چکے ہیں کہ آئندہ ہفتے وہ نواز شریف کی امریکا میں میزبانی کریں گے اور خطے کی تمام جماعتوں پر زور دیں گے کہ طالبان کو دوبارہ امن مذاکرات کی طرف لایا جا سکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Ahmaq Oct 18, 2015 10:01pm
Osama killed soon after visit of General Pasha to US. What is going to happen now?