شہریار، نجم سیٹھی ہندوستان دورے پر روانہ

اپ ڈیٹ 19 اکتوبر 2015
نجم سیٹھی اور شہریار خان
نجم سیٹھی اور شہریار خان

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربرا ہ نجم سیٹھی ہندوستاان کو دسمبر میں باہمی سیریزکھیلنے پر قائل کرنے کیلئے پڑوسی ملک روانہ ہو گئے۔

توقع ہے کہ شہریار اور سیٹھی نئی دہلی میں بی سی سی آئی کے نئے صدر ششانک منوہر اور سیکریٹری انوراگ ٹھاکر سمیت سرکاری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

پی سی بی کے ایک افسر نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا یہ دورہ نئے بی سی سی آئی صدر ششانک منوہر کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔

شہریار نے دبئی میں آئی سی سی اجلاس کے موقع پر انوراگ ٹھاکر سے مجوزہ سیریز پر گفتگو کی تھی۔

ٹھاکر نے یقین دلایا تھا کہ حتمی فیصلہ رواں مہینے کے آخر تک کر لیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریار کو ششانک منوہر کا دعوت نامہ بھی دیا۔

پی سی بی میں باوثوق ذرائع نے بتایا کہ شہریار اور سیٹھی نے ہندوستان جانے سے قبل قومی سلامتی کے مشیر سرتاج عزیز سے ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ’پی سی بی ذہنی طور پر یو اے ای میں مختصر ہوم سیریز کے لیے بھی تیار ہے‘۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی باضابطہ طور پر بی سی سی آئی سے کہیں گے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کو اگلے سال فروری میں شیڈول سپر لیگ میں کھیلنے کی اجازت دیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، دسمبر میں پاکستان، ہندوستان اور بنگلہ دیش پر مشتمل سہ فریقی ٹورنامنٹ کے بھی امکانات ہیں۔

بی سی سی آئی نے آج ممبئی میں اپنی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا، جس کے بعد ایک سینئر بی سی سی آئی اہلکار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’پاکستان کے ساتھ باہمی سیریز کے فیصلہ پر 9 نومبر کو شیڈول سالانہ جنرل میٹنگ میں غور کیا جائے گا‘۔

تبصرے (1) بند ہیں

Sharminda Oct 19, 2015 11:05am
India ki itni khushamdain karnay ki kia zaroorat mehsoos ho rahi hai? Aik taraf Balochistan, sindh aur fata main un ki mudakhalat ka shoar kar rahay hain, doosri taraf un ki minatain karnay jaa rahay hain.