زکربرگ،اہلیہ کا 99 فیصد شیئرزعطیہ کرنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 02 دسمبر 2015
فیس بک کے بانی اور سی ای او مارک زکربرگ، اور ان کی اہلیہ چن نے اپنی بیٹی کی پیدائش پراپنے 99 فیصد شیئرز عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے — فوٹو/ بشکریہ مارک زکربرگ آفیشل فیس بک اکاؤنٹ
فیس بک کے بانی اور سی ای او مارک زکربرگ، اور ان کی اہلیہ چن نے اپنی بیٹی کی پیدائش پراپنے 99 فیصد شیئرز عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے — فوٹو/ بشکریہ مارک زکربرگ آفیشل فیس بک اکاؤنٹ

سان فرانسسکو: فیس بک کے بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ نے اپنی بیٹی کی پیدائش پر فیس بک میں اپنے 99 فیصد شیئرز عطیہ کرنے کا اعلان کردیا.

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انھوں نے یہ اعلان گذشتہ ہفتے پیدا ہونے والی اپنی بیٹی میکس کو لکھے جانے والے ایک خط میں کیا ہے، مذکورہ شیئرز کی مالیت 45 ارب ڈالر روپے ہے۔

اپنے فیس بک پیج پر مارک زکربرگ نے اپنی فیملی فوٹو کو ایک خط بعنوان ’ہماری بیٹی کے نام ایک خط‘ کے ساتھ شیئر کیا ہے، فوٹو میں زکربرگ ان کی اہلیہ پریسیلا چن اور نومولود بیٹی میکس کودیکھا جاسکتا ہے۔

مجموعی طور پر 2،220 الفاظ پر مشتمل خط میں زکربرگ اور ان کی اہلیہ نے صحت، تعلیم اور انٹرنیٹ کی رسائی اور چن زکربرگ کی جانب سے ’انسانی صلاحیت بڑھانے اور مساوات کو فروغ دینے‘ کے لیے شروع کی گئی چن زکربرگ انیشیٹو نامی تنظیم کے حوالے سے اظہار خیال کیا ہے۔

فیس بک کے بانی اور ان کی اہلیہ نے اپنے اس ارادے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے 99 فیصد شیئر کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی ابتدا ذاتی تعلیم، مہلک امراض، انٹرنیٹ کے رابطوں اور کمیونٹی کی تعمیر کے لیے استعمال سے ہوگی۔

خیال رہے کہ میکس زکربرگ کی پیدائش گذشتہ ہفتے ہوئی، تاہم فیس بک پر بچی کی تاریخ پیدائش کے حوالے سے تفصیلات موجود نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ مارک زکربرگ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد دو ماہ کی پیٹرنیٹی تعطیلات لیں گے۔

یہ بھی یاد رہے کہ زکربرگ اور ان کی اہلیہ نے اب تک انسانی ہمدردی کے طور پر 1.6 ارب روپے عطیہ کیے ہیں۔

انھوں نے رواں سال متعدد عطیات کیے ہیں جن میں پبلک اسکول، وائرلیس انٹرنیٹ رسائی میں مدد، اور سان فرانسسکو کے جنرل ہسپتال کو کیے جانے والے عطیات شامل ہیں، جہاں چن ماہرِ امراضِ اطفال کے طور پر کام کرتی ہیں۔

مارک کا کہنا تھا کہ وہ ’آئندہ کئی سالوں تک ‘ فیس بک کے سی ای او رہنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

دونوں کا مزید کہنا ہے کہ وہ چھٹیوں سے واپس آکر اس حوالے سے مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں