قندھار: جنوبی افغان شہر قندھار میں طالبان عسکریت پسندوں نے ہوائی اڈے پر دھاوا بول دیا۔

قندھار صوبے کے گورنر کے ترجمان نے منگل کو اے ایف پی سے گفتگو میں بتایا کہ عسکریت پسند ہوائی اڈے کے مرکزی دروازے سے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔

سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان لڑائی جاری ہے جبکہ علاقے سے شدید فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں آ رہی ہیں۔

ترجمان کے مطابق فوری طور پر ہلاکتوں یا زخمیوں کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

وسیع و عریض علاقے پر پھیلا قندھار ایئر پورٹ سویلین اور عسکری حصوں میں تقسیم ہے اور ترجمان کے مطابق طالبان نے عسکری حصے پر دھاوا بولا ،جہاں انہیں شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

قندھار کے عسکری ترجمان محمد محسن سلطانی نے بتایا کہ انہوں نے کمپلیکس کے اندر ایک سکول میں پوزیشن سنبھال لی ہے۔

سلطانی کے مطابق حملہ آوروں کی درست تعداد معلوم نہیں ہو سکی لیکن افغان سیکیورٹی فورسز مزاحمت کر رہی ہیں۔

نومبر میں طالبان نے قندھار میں ایک جان لیوا خود کش حملے میں ایک فوجی سمیت چھ لوگوں کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں