جنرل راحیل، افغان صدر کا دہشت گردی کے خلاف تعاون پر اتفاق

اپ ڈیٹ 10 دسمبر 2015
۔ — تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر
۔ — تصویر بشکریہ آئی ایس پی آر

راولپنڈی: پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں استحکام اور امن کیلئے افغان صدر اشرف غنی کو مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کیلئے یہاں موجود صدر غنی نے بدھ کو جنرل راحیل سے ملاقات کی۔

ملاقات میں جنرل راحیل نے افغان صدر کو انٹیلی جنس شیئرنگ، آپریشنل ہم آہنگی اور مفاہمتی عمل میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

جنرل راحیل نے کہا ’ہم باہمی مفاد اور احترام کی بنیاد پر افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے مصروف عمل ہیں‘۔

اس موقع پر اشرف غنی نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دہشت گردی کے مشترکہ خطرے کو ختم کرنے کیلئے مل جل کر کام کرنے کا عہد کیا۔

اشرف غنی نے دہشت گردی کے خلاف کنگ میں پاکستانی مسلح افواج کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔

اس سے قبل جنرل راحیل نے جی ایچ کیو میں جرمنی کی وزیر خارجہ ارسلا وان در لین اور چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

جرمن وزیر نے ملاقات میں دفاعی تعاون ، علاقائی سلامتی ، جغرافیائی سٹرٹیجک ماحول سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں نمایاں کامیابیوں کو سراہا اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں