کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر فرنٹیئر کورپس (ایف سی) چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 3 اہلکار اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا بروری روڈ کے مرکزی چوک پر ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب ہوا، جس میں 4 ایف سی اہلکار اور بچہ زخمی ہوگئے.

عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقے کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا.

مزید پڑھیں : کوئٹہ میں بم دھماکا، 11 افراد ہلاک

بم ڈسپوزل اسکواڈ کا کہنا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جس میں 4 سے 5 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا.

زخمی ایف سی اہلکاروں اور بچے کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک اہلکار زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا.

کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ایف سی چیک پوسٹ پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ میں دھماکا، پولیس اہلکار ہلاک

واقع رہے کہ کوئٹہ کے بروری روڈ کو کوئٹہ کا حساس علاقہ سمجھا جاتا ہے اور یہاں اس سے قبل بھی سیکیورٹی اہلکاروں پر کئی حملے ہوچکے ہیں۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں