وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ہوا بازی مستعفی

15 دسمبر 2015
وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے ہوا بازی شجاعت عظیم۔—آئی این پی فائل فوٹو۔
وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے ہوا بازی شجاعت عظیم۔—آئی این پی فائل فوٹو۔

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی برائے ہوا بازی شجاعت عظیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق شجاعت عظیم سپریم کورٹ میں ذاتی حیثیت میں اپنا مقدمہ لڑیں گے۔

ان کے مطابق سپریم کورٹ کے تحفظات کے باعث وزیراعظم کے معاون خصوصی شجاعت عظیم نے اپنا عہدے سے استعفی دیا ۔

ترجمان سول ایوی ایشن نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر شجاعت عظیم نے اعزازی بنیاد پر ہوا بازی کا عہدہ قبول کیا تھا۔

شجاعت عظیم سپریم کورٹ میں اپنے کیس کا ذاتی حیثیت میں دفاع کریں گے۔

سپریم کورٹ نے شجاعت عظیم کو 15 روز کے لیے ادارے سے متعلق کسی بھی فیصلے سے روکتے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ہوا بازی شجاعت عظیم کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت جمعے کو کی تھی۔

اٹارنی جنرل سلمان بٹ نے شجاعت عظیم کی تعیناتی سے متعلق سمری عدالت میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شجاعت عظیم کی بطور معاون خصوصی تقرری سے متعلق مزید دستاویزات جمع کرانی ہے جس کے لیے عدالت 15 دن کا وقت دے، عدالت دستاویزات کا جائزہ لے کر جو مناسب سمجھے فیصلہ کرے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ جس شخص کو ملازمت سے نکالا گیا اسے کوئی عہدہ کیسے دیا جاسکتا ہے۔

اٹارنی جنرل نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت ملازمت سے فارغ ہونے والے شخص پر 3 سے 4 سال کی پابندی ہوسکتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں