پشاور: افغانستان کے صوبے ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے میں طالبان کمانڈر سمیت 3 مشتبہ دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

امریکی فوج کے کرنل مائیکل لاہارن نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی فورسز نے ننگرہار کے ضلع باٹی کوٹ میں فورسز کو دھمکی دینے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھیں : پاک-افغان سرحد: ڈرون حملوں کے نتیجے میں 7 'دہشتگرد' ہلاک

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق طالبان کے ٹھکانے کو اُس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہاں ان کا اجلاس جاری تھا، جس سے ان کا ٹھکانہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

تاہم دور افتادہ علاقہ ہونے کی وجہ سے اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کی جاسکی، جبکہ امریکی حکام کی جانب سے اب تک ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا.

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے اس سے قبل بھی طالبان اور داعش کے ٹھکانوں پر کئی بار ڈرون حملے کیے گئے ہیں، جن میں اہم کمانڈروں سمیت متعدد دہشت گرد ہلاک و زخمی ہوئے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں