ریاض: پاکستان اور ملیشیا سمیت 20 ملکوں کی مسلح افواج خطے میں پہلی مرتبہ ہونے والی ’انتہائی اہم‘ مشقوں کیلئے شمالی سعودی عرب میں جمع ہو رہی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق، Thunder of the North نامی مشقوں میں شامل زمینی، فضائی اور نیوی فورسز ایک واضح پیغام ہے کہ ریاض اور اس کے اتحادی خطے کے استحکام ، امن کے قیام اور تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے متحد کھڑے ہیں۔

سعودی عرب پچھلے کچھ عرصے سے یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف اتحادی فوجی مہم کی سربراہی کر رہا ہے۔

گزشتہ دسمبر، سعودی عرب نے اسلامی ملکوں میں ’دہشت گردی‘ سے نمٹنے کیلئے 35 رکنی نیا اتحاد قائم کیا تھا۔

اتوار کو مشقوں کے حوالے سے اعلان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب سعودی عرب نے شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف آپریشنز تیز کرنے کیلئے ایک ترک ایئر بیس پر اپنے جنگی طیارے پہنچائے ہیں۔

ایس پی اے نے یہ نہیں بتایا کہ فوجی مشقیں کب اور کتنے وقت تک جاری رہیں گی۔

ایس پی اے کے مطابق، فوجی مشقوں میں حصہ لینے والے ملکوں میں گلف کارپوریشن کونسل کے پانچ ممالک، چاڈ، مصر، اردن، ملیشیا، مراکش، پاکستان، سینیگال اور تیونس شامل ہیں۔

سعودی ذرائع نے جمعرات کو بتایا تھا کہ ’انسداد دہشت گردی ‘ کے لیے نئے اتحاد کے ارکان اگلے مہینے پہلی عوامی اجلاس کیلئے سعودی عرب میں اکھٹے ہوں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

solani Feb 15, 2016 08:02am
Pakistan ko kia mile ga foj bhej ker, Soudi to Yaman le ne kay lea lar reha hai, kahin dusra koi qabza n ker le. Pakistan ka jana fazool hai.