'پی ایس ایل کے نتائج دور رس ہوں گے'

اپ ڈیٹ 15 فروری 2016
کرس گیل پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کررہےہیں مگر روایتی بیٹنگ کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے—فوٹو: اے پی
کرس گیل پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کررہےہیں مگر روایتی بیٹنگ کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے—فوٹو: اے پی

شارجہ:پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے ویسٹ انڈین بلے باز کرس گیل کا کہنا ہے کہ لیگ پاکستان کرکٹ کے مستقبل پر دوررس نتائج مرتب کرے گی۔

کرس گیل نے خیلج ٹائمز کو اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پی ایس ایل شاندار ٹورنامنٹ ہے اور ہر کوئی دبئی اور شارجہ میں لطف اندوز ہورہا ہے اور ہمیں کچھ اعلیٰ معیار کی کارکردگی بھی دیکھنے کو ملی جبکہ نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں کا جوش دیدنی اور بڑے ناموں سے سیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی لیگ کے انعقاد کے لیے کی جانے والی کوششوں نے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیردی ہیں اور تمام لوگ مطمئن نظر آرہے ہیں۔

ایک سوال کے پر گیل نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ لوگ میری جارحانہ بیٹنگ چھکے اور چوکے دیکھنے آتےہیں اور میں نے ہمیشہ اس کی کوشش کی لیکن بعض اوقات چیزیں آپ کے حق میں نہیں ہوتیں اسی لیے اس کو کرکٹ کہا جاتا ہے۔

ان کامزید کہنا تھا کہ"میری ناکامی کے باوجود سرفہرست ٹیموں میں سے ایک میرے بہترین دوست بوم بوم آفریدی کی زیرقیادت پشاور زلمی کو شکست دینا شاندار تھا"۔

انھوں نے امید ظاہرکی کہ اس میچ کے بعد چیزیں تبدیل ہوں گی اور لوگوں کو کچھ دھواں دھار اننگز دیکھنے کو ملیں گی۔

پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث پی ایس ایل کو متحدہ عرب امارات میں منعقد کرنے کے حوالے سے کرس گیل نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہر کھلاڑی اور مداحوں کے لیے دلخراش بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستان کے کرکٹ سے محبت کرنے والے لوگوں سے ان کے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی کمی پر ہمدردی ہے، مجھے امید ہے کہ مستقبل قریب میں پی ایس ایل کا انعقاد پاکستان میں ہو گا.

'لوگوں کی تاریخی شارجہ اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر آمد خوش آئند ہے، اس سے خطے میں کرکٹ کی مقبولیت ظاہر ہوتی ہے'۔

اپنی انجری کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ "مجھے معمولی زخم تھے لیکن یہ کوئی سنجیدہ انجری نہیں تھی، مجھے امید ہے کہ جلد ہے مکمل طورپر فٹ ہوجاؤں گا میں اس کے باوجود کرکٹ کھیل رہا ہوں'۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں