پاکستان سپر لیگ کے ناقابل فراموش پہلے ایڈیشن میں جہاں ہمیں متعدد بین الاقوامی کھلاڑی نظر آئے وہیں کئی ایسی اننگز بھی کھیلی گئیں جو کہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی.

ہم نے یہاں پی ایس ایل کی پانچ بہترین اننگز منتخب کی ہیں:

شرجیل خان کی تاریخ ساز سنچری

یہ تیسرا کوالیفائنگ میچ ایک ایسی ٹیم کے خلاف تھا جس کی ٹورنامنٹ میں کارکردگی شاندار رہی تھی اور بہترین پیس اٹیک سے لیس تھی۔

اسلام آباد یانائٹیڈ اس سے قبل پہلے پلے آف میں کراچی کنگز کے خلاف باآسانی فتح حاصل کرچکی تھی جبکہ پشاور زلمی کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں ایک رن سے شکست ہوئی تھی۔ درحقیقت یہ میچ ایک سیمی فائنل کی حیثیت رکھتا تھا۔

میچ کے آغاز سے ہی شرجیل خان خطرناک نظر آئے. ان کی 62 گیندوں پر 117 رنز کی اننگز پی ایس ایل کی پہلی سنچری تھی جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ 176 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دے سکی۔

اننگز کے دوران شرجیل نے آٹھ چھکے اور 12 چوکے لگائے جبکہ ان کی ٹیم یہ میچ باآسانی 50 رنز سے جیت گئی۔

Sharjeel Khan 117 off 62 balls (y)First Individual century of PSL :)

Posted by Craze of Cricket on Sunday, February 21, 2016

عمر اکمل کے ناقابل فراموش 93 رنز

لاہور قلندرز کے لیے پی ایس ایل کا پہلا ایڈیشن انتہائی مایوس کن رہا۔ پانچ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں لاہور کی ٹیم پلے آفس تک بھی نہ پہنچ سکی۔

تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں عمر اکمل نے اپنی ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

عمر نے آٹھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 93 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

اس میچ میں کیمرون ڈیلپورٹ کے ساتھ 95 رنز کی شراکت کے باعث قلندرز 195 رنز کا بڑا ہدف دے پائی جس کے جواب میں گلیڈی ایٹرز131 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں لاہور کو 63 رنز سے پی ایس ایل میں پہلی فتح ملی۔

لیوک رائٹ کے 86 رنز سے پی ایس ایل کا شاندار آغاز

یہ پی ایس ایل کا پہلا میچ تھا جس کے آغاز سے قبل کوئٹہ کی ٹیم کی شاندار کارکردگی کی کسی کو توقع نہیں تھی۔

تاہم ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں چار چھکوں اور گیارہ چوکوں کی بدولت لیوک رائٹ کے 86 رنز نے نہ صرف گلیڈی ایٹرز کو فتح سے ہمکنار کروایا بلکہ اپنی ٹیم میں جیت کا حوصلہ بھی پیدا کیا۔

ان کی اس شاندار اننگ کے باعث کوئٹہ 16ویں اوور میں آٹھ وکٹوں سے یہ میچ جیت گئی جبکہ بعد میں ان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی۔

ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں بسم اللہ خان کے 55 رنز

کرس گیل، اظہر علی اور عمر اکمل کی جارحانہ بلے بازی کے باعث لاہور قلندرز نے 201 رنز کا ریکارڈ مجموعہ ترتیب دیا تھا۔

ریکارڈ ہدف کے تعاقب میں بسم اللہ خان کی اس اننگ نے اپنی ٹیم کو نہ صرف ایک شاندار آغاز فراہم کیا بلکہ ٹیم کے دیگر بلے بازوں میں اس ہدف کو عبور کرنے کا حوصلہ بھی پیدا کیا۔

انہوں نے ایک چھکے اور دس چوکوں کے ذریعے 55 رنز کی برق رفتار اننگ کھیلی۔ بعد میں آنے والے بلےبازوں کیون پیٹرسن، کمار سنگاکارا اور کپتان سرفراز احمد نے بسم اللہ خان کے شاندار آغاز کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تیز رنز بنانے کا تسلسل برقرار رکھا جبکہ اختتام میں محمد نبی کے 30 رنز نے کوئٹہ کو غیر متوقع فتح سے ہمکنار کروایا۔

اعداد و شمار کے حساب سے بسم اللہ خان کی اننگز سے بہتر اننگز بھی پی ایس ایل میں دیکھنے کو ملیں تاہم میچ کی اہمیت کی وجہ سے اس اننگ کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

ٹورنامنٹ کا اختتام اسمتھ کے نام

ڈوین اسمتھ ٹورنامنٹ کے آغاز سے اسلام آباد یونائٹیڈ کے ساتھ نہیں تھے۔ انہیں شین واٹسن کی انجری کے باعث طلب کیا گیا۔ فائنل سے قبل ان کی پی ایس ایل میں کارکردگی متاثر کن نہیں رہی تاہم ٹورنامنٹ کے اس آخری میچ میں ان کے 53 گیندوں میں 73 رنز نے جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

کوئٹہ نے اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 175 رنز کا ہدف دیا جو کہ ایک فائنل کے لحاظ سے اچھا مجموعہ تھا۔ تاہم اسمتھ اور بریڈ ہیڈن کے درمیان شراکت نے میچ کو پوری طرح اسلام آباد کے پلڑے میں ڈال دیا۔

اسلام آباد نے میچ میں چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے پی ایس ایل کے پہلے ایڈیشن کو جیتنے کا تاج اپنے سر پر سجایا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Khuram Murad Feb 24, 2016 09:46pm
love for PSL.