پوکھارا: وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ وہ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات میں پٹھان کوٹ سمیت تمام معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

سرتاج عزیز نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم جلد ہندوستان کا دورہ کرے گی تاکہ رواں سال جنوری میں ہونے والے پٹھان کوٹ ایئربیس حملے کی تحقیقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔

انہوں نے جنوبی ایشیا کے ممالک کی تنظیم ’سارک‘ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے لیے نیپال پہنچنے پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سشما سوراج سے ملاقات کا اہم مقصد سارک سربراہ اجلاس کی دعوت دینا ہوگا، لیکن اگر ہندوستانی وزیر خارجہ کسی معاملے پر بات کرنا چاہیں تو بات ہوگی۔

سرتاج عزیز سے جب پوچھا گیا کہ وہ سشما سوراج سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے کس حد تک پرامید ہیں، تو ان کا کہنا تھا کہ یہ ہندوستانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد ہی بتایا جاسکتا ہے، تاہم مثبت مذاکرات کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

واضح رہے کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور ہندوستانی وزیر خارجہ کی سارک وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران غیر رسمی ملاقات طے ہے، جس میں سشما سوراج کی جانب سے پٹھان کوٹ ایئربیس کے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ متوقع ہے۔

یہ خبر 17 مارچ 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

تبصرے (1) بند ہیں

ahmaq Mar 18, 2016 12:51am
’سشما سوراج سے تمام معاملات پر مذاکرات کیلئے تیار‘ kiya woh bhi tiyaar heytum hr waqt to tiyar hiy ho---